سرکاری مدارس کے طلبہ میں نوٹ اور ورک بکس کی مفت تقسیم۔ حکومت کافیصلہ
ریاستی وزیر تعلیم سبیتااندرا ریڈی نے چہارشنبہ کے روزکہاکہ ریاستی حکومت‘سرکاری مدارس کے بچوں میں نوٹ اور ورک بکس مفت تقسیم کرے گی۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر تعلیم سبیتااندرا ریڈی نے چہارشنبہ کے روزکہاکہ ریاستی حکومت‘سرکاری مدارس کے بچوں میں نوٹ اور ورک بکس مفت تقسیم کرے گی۔
یہ سہولت آنے والے تعلیمی سال سے فراہم کی جائے گی۔سرکاری اسکولوں میں زیرتعلیم بچوں میں نوٹ اور ورک بکس مفت تقسیم کرنے کافیصلہ کیاگیا ہے۔نئے سکریٹریٹ میں اپنے چیمبرمیں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سبیتااندرا ریڈی نے یہ بات کہی۔
انہوں نے عہدیداروں سے نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ضمن میں تیاریوں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عہدیداروں کواسکولوں کی کشادگی کے وقت طلبہ میں کتب تقسیم کرنے کی ہدایت دی جبکہ پرائمری اسکولوں کے بچوں میں ورک بکس تقسیم کرناچاہئے اور ہائی اسکولس کے طلبہ میں نوٹ بکس کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔
حکومت‘رواں تعلیمی سال میں بچوں میں کتابوں کی تقسیم پر200کروڑ روپے خرچ کررہی ہے جبکہ گزشتہ سال اس مقصد پر 150کروڑتقسیم کئے گئے تھے۔ حکومت کے تازہ فیصلہ سے ریاست کے 24 طلبہ کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہاکہ تمام سرکاری اسکولوں میں زیرتعلیم بچوں میں یونیفارمس کے دو جوڑے تقسیم کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ریاست میں اسکولوں کی کشادگی 12 جون کوعمل میں آئے گی۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ‘ریاست میں تعلیمی نظام کومستحکم بنانے کے لئے مختلف اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے سرکاری مدارس کے طلبہ میں بلامعاوضہ نوٹ اور ورک بکس کی تقسیم کے فیصلہ پر کے چندرشیکھر راؤ سے اظہارتشکرکیا۔