شمالی بھارت

سشیل میرے خلاف بول کر بی جے پی میں کچھ بن جاتے ہیں تو پھر بولتے رہیں: نتیش کمار

چیف منسٹر نے واضح کیا کہ مودی نے جو بھی الزام لگایا ہے وہ پوری طرح سے جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ مودی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ میرے خلاف کیا بولنا چاہتے ہیں۔

پٹنہ: بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے آج کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر سشیل کمار مودی ان کے خلاف بولنے سے پارٹی میں کچھ بن جاتے ہیں تو بولتے رہیں، اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

جمعرات کو یہاں نائب چیف منسٹر تیجسوی پرساد یادو کے ساتھ یوم شہداء کے موقع پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار نے بی جے پی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سشیل کمار مودی کے کل کے بیان کے بعد اب کہا کہ کچھ لوگ میرے خلاف ہیں۔ جھوٹی بیان بازی کررہے ہیں۔ آپ نے دیکھا کہ وہ کیسے کہہ رہے تھے کہ میں نائب صدر بننا چاہتا تھا، نہیں بن سکا تو اتحاد توڑ دیا۔

چیف منسٹر نے واضح کیا کہ مودی نے جو بھی الزام لگایا ہے وہ پوری طرح سے جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ مودی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ میرے خلاف کیا بولنا چاہتے ہیں، فی الحال وہ کچھ بھی نہیں ہیں، میرے خلاف بولنے سے اگر انہیں پارٹی میں کوئی ذمہ داری مل جاتی ہے تو یہ ان کے لیے بہتر ہے۔

ایک وقت تھا جب مسٹر کمار اور مودی ہر جگہ ایک ساتھ نظر آتے تھے۔ لیکن، بدلے ہوئے سیاسی منظر نامے کے بعد دونوں لیڈروں کے درمیان فاصلے اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے بھی پرہیز نہیں کر رہے ہیں۔