شمالی بھارت

یوپی میں نشستوں کی تقسیم پر ایس پی اور کانگریس میں اختلافات میں شدت، کیا انڈیا اتحاد بکھر جائے گا؟

خاص طور پر سہارنپور کی 2 اسمبلی نشستوں پر ایس پی کی جانب سے امیدواروں کے اعلان نے کانگریس کے مقامی رہنما اور سہارنپور کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود کو ناراض کردیا ہے۔

لکھنو:اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے لیے سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور کانگریس کے درمیان نشستوں کی تقسیم کو لے کر اختلافات بڑھتے نظر آرہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کی جانب سے کانگریس کو 26 نشستیں دینے کی پیشکش اور اپنی 5 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کیے جانے کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان کھینچ تان میں شدت آگئی ہے۔

خاص طور پر سہارنپور کی 2 اسمبلی نشستوں پر ایس پی کی جانب سے امیدواروں کے اعلان نے کانگریس کے مقامی رہنما اور سہارنپور کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود کو ناراض کردیا ہے۔

کانگریس سہارنپور دیہات اور بہٹ اسمبلی نشستوں پر انتخاب لڑنے کی امید کررہی تھی، تاہم اکھلیش یادو نے ان دونوں نشستوں پر سماج وادی پارٹی کے امیدواروں کا اعلان کردیا۔ اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمران مسعود نے واضح کیا کہ کانگریس ایسی نشستیں قبول نہیں کرے گی جہاں اس کے جیتنے کے امکانات کم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سماج وادی پارٹی کو لگتا ہے کہ وہ ان نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے تو وہ خود وہاں انتخاب لڑے، کانگریس ایسی نشستوں پر کیوں مقابلہ کرے جہاں اچھے نتائج کی امید نہ ہو۔

عمران مسعود نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کانگریس کباڑ نشستیں قبول نہیں کرے گی اور پارٹی صرف انہی حلقوں میں انتخاب لڑنا چاہتی ہے جہاں وہ بہتر نتائج حاصل کرسکے۔

 ان کے مطابق کسی پارٹی کی انتخابی صلاحیت اور جیت کے امکانات کا فیصلہ دوسری جماعت نہیں کرسکتی، بلکہ اپنی پارٹی، اپنے تنظیمی ڈھانچے، رہنماؤں اور زمینی صورتحال کو بہتر طور پر سمجھنے کا اختیار خود پارٹی کو ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کو اپنی پارٹی کے فیصلے کرنے کا حق ہے، لیکن کانگریس کی جیتنے کی صلاحیت کا فیصلہ کرنے کا اختیار اسے نہیں ہے۔

اکھیلیش یادو نے سماج وادی پارٹی کی پہلی فہرست جاری کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا تھا کہ جیتنے والی پہلی 26 نشستوں سے آغاز کیا گیا ہے اور باہمی سمجھداری کے ساتھ بات چیت آگے بڑھے گی۔ بعد ازاں انہوں نے نشستوں کی تقسیم سے متعلق سوالات کے جواب میں کہا کہ معاملہ نشستوں کا نہیں بلکہ جیت کا ہے۔

دوسری جانب کانگریس زیادہ نشستوں پر انتخاب لڑنے کی خواہش رکھتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کانگریس نے ابتدائی طور پر اترپردیش میں 181 نشستوں پر انتخاب لڑنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم بعد میں اس مطالبے کو کم کرتے ہوئے 100 سے 130 نشستوں تک محدود کردیا گیا۔

 کانگریس کا موقف ہے کہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں اسے کم از کم ایک نشست ضرور ملنی چاہیے، جبکہ سماج وادی پارٹی فی الحال 26 نشستیں دینے کی بات کررہی ہے۔ مغربی اترپردیش کے بعض حلقوں میں ایس پی کی جانب سے پہلے ہی امیدواروں کے اعلان کے بعد INDIA اتحاد میں نشستوں کی تقسیم کا معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔