سونیاگاندھی اور راہول کی قیام گاہ پر بھاری پولیس فورس کی تعیناتی کا مسئلہ راجیہ سبھا میں اٹھایا گیا
راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملیکارجن کھڑگے نے آج راجیہ سبھا میں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور کانگریس قائد راہول گاندھی کی رہائش گاہ کے پولیس کے محاصرہ کا معاملہ اٹھایا اور اسے افسوسناک قرار دیا۔
نئی دہلی: راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملیکارجن کھڑگے نے آج راجیہ سبھا میں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور کانگریس قائد راہول گاندھی کی رہائش گاہ کے پولیس کے محاصرہ کا معاملہ اٹھایا اور اسے افسوسناک قرار دیا۔
چہارشنبہ کے دن جب وزیر امور نوجوانان و کھیل انوراگ ٹھاکر ایوان میں اینٹی ڈوپنگ بل پر بحث کا جواب دے رہے تھے تو اپوزیشن لیڈر ملیکارجن کھڑگے نے کہا کہ اپوزیشن اس بل کی حمایت کر رہی ہے اور بل منظور ہو جائے گا لیکن میں ایک اہم مسئلہ اٹھانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی رہائش گاہ کو پولیس نے گھیر لیا ہے جو کہ ناانصافی ہے۔ اس کی حکمراں جماعت نے مخالفت کی اور نائب صدرنشین ہری ونش نے بھی کہا کہ یہ معاملہ بل سے متعلق نہیں ہے اور اپوزیشن لیڈر کو صرف بل کے بارے میں بات کرنی چاہئے۔
قائد ایوان پیوش گوئل نے کہا کہ ایوان انتہائی منظم طریقہ سے چل رہا ہے اور اس وقت اس پر بات کرنا درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون کا معاملہ ہے اور قانون اپنا راستہ اختیار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے اس کی وجہ جانی جائے اور جواب دیا جائے۔ انہوں نے اپوزیشن سے کہا کہ وہ غیر ضروری الزامات نہ لگائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قانون کے کام میں مداخلت نہیں کرتی۔