سونیا گاندھی اور راہول ضرور جیل جائیں گے: سبرامنین سوامی
سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو جیل کی سزاء یقینی ہے۔ وسیع تر انداز میں مسائل کا احاطہ کرتے ہوئے سوامی نے رام سیتو کے تعلق سے بات کی اور ملک کی موجودہ اقتصادی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
نئی دہلی: سابق مرکزی وزیر و سینئر بھارتیہ جنتا پارٹی قائدسبرامنین سوامی نے کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی اور ان کے فرزند راہول گاندھی پر نیشنل ہیرالڈ کیس پر تنقید کرتے ہوئے گاندھی خاندان پر منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا الزام عائدکیا۔
آئی اے این ایس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ کیس کے ساتھ جڑے منی لانڈرنگ کے الزامات پر دونوں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو جیل کی سزاء یقینی ہے۔ وسیع تر انداز میں مسائل کا احاطہ کرتے ہوئے سوامی نے رام سیتو کے تعلق سے بات کی اور ملک کی موجودہ اقتصادی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
نیشنل ہیرالڈ کیس سے ملک کے سیاسی حلقوں میں پیدا ہلچل کے بارے میں یہ پوچھنے پر کہ انہوں نے ہی سب سے پہلے یہ مسئلہ چھیڑا تھا اور سارا معاملہ کیا ہے اور اس میں قانون کی خلاف ورزی کس طرح ہوئی ہے۔
سوامی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سب سے پہلے 2012 ء میں ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا تھا اور بعدازاں اس ضمن میں 2013 ء کو عدالت سے رجوع بھی ہوئے تھے۔
گاندھی خاندان نے ان کے دائر کردہ مقدمہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی اور مایوسی کا سامنا کیا۔ پٹیالہ ہاؤز کورٹس نے ان کے دائر کردہ مقدمہ میں یہ پایا کہ بے قاعدگیوں کا ارتکاب ہوا ہے اور اس پر عدالتی کارروائی ہونی چاہئے۔
چونکہ معاملہ مالی خرد برد سے متعلق ہے اس لئے انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا اور تب سے ہی ان سب کی ابتداء ہوئی۔ سماعتیں ہوتی رہیں اور کئی کاغذات اور دستاویزات بھی باہر آئے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے حکومت کو لکھا کہ کیس کی تحقیق انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے کی جانی چاہئے۔ سوامی نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ کانگریس اور اس کے سرکردہ قائدین نے بیرونی بینکوں سے رقومات وصول کیں۔