شمالی بھارت

گجرات اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی ممکن: ٹی ایس سنگھ دیو

اجلاس کے بعد سنگھ دیو نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ یہاں آنے کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ گجرات کے حقائق ان سے مختلف ہیں جو ریاست کے باہر والوں کو دکھائے جاتے ہیں۔ عوام برہم ہے۔ وہ خوف کے عالم میں جی رہے ہیں۔

 احمد آباد: وزیر صحت چھتیس گڑھ ٹی ایس سنگھ دیو نے آج یہاں کہا کہ گجرات میں کانگریس پارٹی بہت زیادہ سرگرم ہے اور وہ آنے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں حکمران بھارتیہ جنتاپارٹی کو شکست دے سکتی ہے۔

دسمبر میں منعقد ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات کے لئے سنگھ دیو اور سابق مرکزی وزیر ملند دیورا کو کانگریس پارٹی کا مبصر مقرر کیاگیا ہے۔ انتخابات کے لئے حکمت عملی تیار کرنے سنگھ دیو اور دیورا نے جمعرات کے دن ریاست کے سینئر پارٹی لیڈروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔

 اجلاس کے بعد سنگھ دیو نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ یہاں آنے کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ گجرات کے حقائق ان سے مختلف ہیں جو ریاست کے باہر والوں کو دکھائے جاتے ہیں۔ عوام برہم ہے۔ وہ خوف کے عالم میں جی رہے ہیں۔

 گجرات کی عوام بیزار ہیں اور حکومت کی تبدیلی چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ انہوں نے دیکھا کہ یہاں کانگریس زندہ ہے اور انتخابات میں کامیابی کے موقف میں ہے۔ سنگھ دیو نے الزام عائد کیا کہ  نشہ بندی کے باوجود گجرات میں سالہ 25 ہزار کروڑ روپے کی شراب فروخت ہوتی ہے جو بی جے پی اور اس کی حکومت کی سرپرستی کے بغیر ناممکن ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیوں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شراب اور ڈرگ مافیا پر دھاوے نہیں کیا۔ گجرات۔ کانگریس انچارج رگھوشرما نے کہاکہ پارٹی نے 182 نشستوں کے منجملہ کم از کم 125 نشستوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ  آنے والے ہفتوں میں تقریباً 2000 عام  اجتماعات میں عوام سے مشاورت کے بعد انتخابی منشور تیار کیا جائے گا۔ ساری ریاست کے لئے ایک مشترکہ انتخابی منشور کے علاوہ اسمبلی کے 182 حلقوں کے لئے علٰحدہ انتخابی منشور کا اعلان کیا جائے گا۔

 کیونکہ ہر حلقہ کے مختلف مسائل مختلف ہیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر جگدیش ٹھاکر نے بتایا کہ حکومت کی ناکامیوں کو پیش کرنے آنے والے دنوں میں ساری ریاست گجرات میں یاترائیں یا احتجاج منعقد کئے جائیں گے۔