کھیل

سکندر رضا نے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیت لیا

تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا نے اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر نئی تاریخ رقم کردی۔ وہ آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیتنے والے پہلے زمبابوے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

دبئی: تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا نے اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر نئی تاریخ رقم کردی۔ وہ آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیتنے والے پہلے زمبابوے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

آئی سی سی نے رضا کو اگست کے مہینے کیلئے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ سے نوازا۔ 36 سالہ سکندر صرف اگست کے مہینے میں 3 ونڈے سنچریاں بناچکے ہیں۔ سکندر کے علاوہ آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی تہلیہ میگرا کو آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سکندر رضا کو نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر اور انگلینڈ کے بین اسٹوکس جیسے مایہ ناز آل راؤنڈرز سے مقابلہ تھا۔ رضا نے بنگلہ دیش اور ہندوستان کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ زمبابوے نے بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست 135 اور 117 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت 3 میچوں کی ونڈے سیریز 2-1 سے جیت لی۔

اس کے بعد انہوں نے ٹیم انڈیا کے خلاف بھی سنچری بنائی۔ رضا نے اس دوران اپنی اسپن بولنگ سے سات وکٹیں بھی حاصل کیں۔ خواتین کے زمرے میں ہندوستان کی جمائما روڈریگس بھی ایوارڈ کی دوڑ میں تھیں لیکن وہ آسٹریلیا کی ٹاہلیا میگرا سے پیچھے رہ گئیں۔

میگرا نے برمنگھم میں آسٹریلیا کو گولڈ میڈلسٹ بنانے میں اہم کردار ادا کیا جس کی وجہ سے انہیں یہ ایوارڈ ملا۔ انہوں نے 13.40 کی اوسط سے پانچ وکٹیں بھی حاصل کیں اور دولت مشترکہ کھیلوں میں 57 کی اوسط سے 114 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے پاکستان کے خلاف ناقابل شکست 78 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔