حیدرآباد

صفا بیت المال اور رہبر فاونڈیشن کے اشتراک سے سلائی مشینوں اور ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم

صفا بیت المال انڈیا اور رہبر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے خود روزگار اسکیم کے تحت شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی 100 مستحق خواتین میں بعد از تحقیق و سروے سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں آئی۔

حیدرآباد: حافظ مبشر خان دفتر انچارج صفا بیت المال کی اطلاع کے مطابق معراج گارڈن‘ بنڈلہ گوڑہ میں صفا بیت المال انڈیا اور رہبر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے خود روزگار اسکیم کے تحت شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی 100 مستحق خواتین میں بعد از تحقیق و سروے سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں آئی۔

متعلقہ خبریں
صفا بیت المال کے تحت مساجد میں مراکز کاقیام۔ مولانا غیاث احمد رشادی کا بیان
رہبر فاؤنڈیشن اور صفا بیت المال کے اشتراک سے 100 ٹھیلہ بندیوں کی تقسیم

صفا بیت المال کی جانب سے ماہانہ اور ہنگامی امداد کے علاوہ موقع بہ موقع ایسے افراد جنہیں روزگار میں معاونت کرنے سے وہ خود کفیل بن سکتے ہیں اور اپنی معیشت کو مضبوط کرتے ہوئے اپنے گھریلو اخراجات از خود برداشت کرسکتے ہیں ایسے افراد میں روزگار فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

چنانچہ آج پیشہئ خیاطی سے وابستہ ایسی ہی ایک سو مستحق خواتین کو سات لاکھ پانچ ہزار روپیے مالیتی سلائی مشینیں دی گئیں۔ علاوہ ازیں ورنگل‘ ہنمکنڈہ کے مختلف علاقوں میں رہنے والے پچاس مستحق افراد میں خودروزگار اسکیم کے تحت ایک سو ٹھیلہ بنڈیاں مع سامان کی تقسیم عمل میں آئی۔جس کی لاگت15 لاکھ روپیے ہے۔

صفا بیت المال شاخ ورنگل کے صدر مفتی منہاج احمد قیومی نے بتایا کہ ورنگل ایل بی نگر عیدگاہ و غیرہ کے پچاس اور ہنمکنڈہ کے پچاس افراد میں بنڈیاں تقسیم کی گئیں‘ جس میں ترکاری‘ مکس فروٹ‘ پلاسٹک کا سامان‘ ٹفن سنٹر کا سامان‘ ٹی اسٹال وغیرہ شامل تھے۔

ان ایک سو افراد میں مذکورہ سامان مع ٹھیلہ بنڈی زائد از پندرہ لاکھ روپیے مالیتی تقسیم کیے گئے۔ورنگل میں تقسیم کے تمام تر انتظامات میں شاخ ورنگل کے جمیع اراکین اور مرکزی صفا کی ایڈمنسٹریشن ٹیم کے افراد محمد مسلم انصاری‘ محمد عمران‘ محمد فیصل کے علاوہ شاخ ورنگل کے اراکین مولانا محمد منور حسین‘ حافظ محمد شاہد‘ محمد فرید الدین‘ مولانا محمد نوشاد اختر‘ حافظ و قاری محمد جاوید احمد سراجی و دیگر ذمہ داران شریک تھے۔

واضح ہوکر صفا بیت المال رہبر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے اب تک حیدرآباد و سکندرآباد میں ٹولی چوکی‘ مولاعلی‘ بابا نگر‘ تالاب کٹہ‘ شاہین نگر‘ بنڈلہ گوڑہ‘ ریاست تلنگانہ میں کریم نگر‘ سنگا ریڈی‘ظہیرآباد‘ سدا سیو پیٹ‘ شادنگر‘ جڑچرلہ‘ تانڈورورنگل‘کرناٹک میں گلبرگہ‘ ہمنا آبا د‘بیدراور مہاراشٹرا میں جالنہ‘اورنگ آباد‘ ناندیڑ و دیگر اضلاع میں دو کروڑ روپیے مالیتی سینکڑوں بنڈیاں تقسیم کرچکا ہے۔