عاپ قائدین کو توڑنے بی جے پی کی کوششیں جاری: منیش سسوڈیا
منیش سسوڈیا کہاکہ میری رہائش گاہ پر دھاوا کیا، کچھ بھی نہیں ملا، کیلا گہلوٹ کے خلاف فرضی تحقیقات شروع کیں اور اب انہوں نے امانت اللہ خان کو گرفتار کرلیا۔ آپریشن لوٹس جاری ہے، تاکہ عام آدمی پارٹی کے ہر لیڈر کو توڑا جاسکے۔
نئی دہلی: صدرنشین وقف بورڈ امانت اللہ کی گرفتاری پر ردّ ِ عمل ظاہر کرتے ہوئے دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا نے آج بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ عام آدمی پارٹی قائدین کو توڑنے آپریشن لوٹس پر عمل آوری جاری رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ دہلی وقف بورڈ میں تقررات میں مبینہ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں انسدادِ رشوت ستانی بیورو نے جمعہ کے روز اوکھلا کے عام رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو گرفتار کرلیا ہے۔ سسوڈیا نے ہندی میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو ان لوگوں نے ستیندر جین کو گرفتار کیا، لیکن عدالت میں ان کی خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جاسکا۔
انہوں نے میری رہائش گاہ پر دھاوا کیا، کچھ بھی نہیں ملا، کیلا گہلوٹ کے خلاف فرضی تحقیقات شروع کیں اور اب انہوں نے امانت اللہ خان کو گرفتار کرلیا۔ آپریشن لوٹس جاری ہے، تاکہ عام آدمی پارٹی کے ہر لیڈر کو توڑا جاسکے۔
قبل ازیں عاپ قائدین نے الزام عائد کیا تھا کہ بی جے پی عاپ ارکانِ اسمبلی کو بیس بیس کروڑ روپئے دینے کی پیشکش کرتے ہوئے خریدنے کی کوشش کررہی ہے، تاکہ دہلی میں اروند کجریوال کی حکومت کو گرایا جاسکے۔
چیف منسٹر دہلی نے گزشتہ ماہ اسمبلی میں تحریک ِ عدمِ اعتماد بھی پیش کی تھی، تاکہ یہ ثابت کیاجاسکے کہ عام آدمی پارٹی کے تمام ارکانِ اسمبلی ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا تھا کہ آپریشن لوٹس دہلی میں ناکام ہوچکا ہے۔