کھیل

عمران ملک اپنی رفتار سے نیوزی لینڈ میں تباہی مچانے تیار

ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز عمران ملک ان دنوں کافی بحث میں ہیں۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2022 کے سیمی فائنل میں ٹیم انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ویلنگٹن: ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز عمران ملک ان دنوں کافی بحث میں ہیں۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2022 کے سیمی فائنل میں ٹیم انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

169 رنز کا ہدف دینے کے باوجود ٹیم انڈیا کے گیند باز انگلینڈ کا ایک بھی وکٹ نہیں لے سکے۔ عمران ملک ہندوستانی ٹیم کی سیمی فائنل میں شرمناک شکست کے بعد سے خبروں میں ہیں۔ عمران انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں سن رائزرز حیدرآباد کیلئے کھیلتے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ 18 نومبر سے نیوزی لینڈ کے دورہ کیلئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔ ہندوستان کو نیوزی لینڈ میں 3 میچوں کی ونڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کھیلنی ہے۔ عمران ملک نے اپنا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا ہے اور ہندوستان کیلئے 3 میچ کھیلے ہیں۔ عمران ملک نے 3 میچوں میں 12.44 کے اکانومی ریٹ سے دو وکٹیں حاصل کیں۔

عمران ملک کی رفتار ان کی سب سے بڑی یو ایس پی ہے۔ عمران ایک ایسے بولر ہیں جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مسلسل بولنگ کرسکتے ہیں۔ تمام سابق فاسٹ بولرس نے کہاہے کہ عمران جیسے جیسے کھیلتے جائیں گے ان کی بولنگ میں بہتری آئے گی۔

عمران نے انسٹاگرام پر اپنی فٹنس کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جسے دیکھ کر آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ نیوزی لینڈ کے دورے کی تیاری کررہے ہیں۔ عمران ملک نے کہاکہ وہ نیوزی لینڈ میں یادگار مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں۔ عمران نے کہا کہ آئی پی ایل کے بعد انہوں نے اپنی گیند بازی میں مزید بہتری پیدا کی ہے۔

جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے عمران نے کہاکہ حالیہ عرصہ میں مسلسل کرکٹ کھیلنے سے بھی ان کے کھیل میں نکھار آیاہے۔ اس کے علاوہ آئی پی ایل میں قومی و بیرونی تجربہ کار بولرس سے بھی انہیں کافی مدد ملی ہے۔