دہلی

غیر شادی شدہ ہونا اسقاط حمل روکنے کی بنیاد نہیں: سپریم کورٹ

اپنا فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ بنچ نے مشاہدہ کیا کہ ایک عورت کو اس کے حمل کو ختم کرنے کے موقع سے صرف اس لیے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ وہ غیر شادی شدہ ہے۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو کہا کہ محض غیر شادی شدہ ہونے کی وجہ سے کسی عورت کو اسقاط حمل سے نہیں روکا جا سکتا۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے 25 سالہ غیر شادی شدہ خاتون کی طرف سے دہلی ہائی کورٹ کے 16 جولائی کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے بعد اپنا فیصلہ سنایا۔

اپنا فیصلہ سناتے ہوئے، بنچ نے مشاہدہ کیا کہ ایک عورت کو اس کے حمل کو ختم کرنے کے موقع سے صرف اس لیے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ وہ غیر شادی شدہ ہے۔ درخواست گزار خاتون نے ہائی کورٹ کے حکم پر سوال اٹھایا تھا، جس نے اس (عورت) کے رضامندی سے تعلق کی بنیاد پر اس کے 24 ہفتے کے جنین کو اسقاط حمل کرنے کی اجازت دینے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔

خاتون نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ اس کے لیے بچہ پیدا کرنا مشکل ہے کیونکہ اس کے ساتھی نے اس سے شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ درخواست گزار نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اپنے کسان والدین کے پانچ بہن بھائیوں میں سے ایک ہے۔

خاتون نے کہا تھا کہ غیر شادی شدہ ہونے پر بچے کو جنم دینے کی وجہ سے اسے سماجی اخراجات اور ذہنی اذیت کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ اس نے یہ بھی کہا کہ وہ صرف آرٹس گریجویٹ ہے اور اس کے پاس روزگار کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔ اس لیے وہ بچے کی پرورش کے لیے خاطر خواہ وسائل جمع نہیں کر سکے گی۔

عدالت عظمیٰ کی بنچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ 2021 کے میڈیکل ٹرمینیشن آف پریگننسی ایکٹ میں کی گئی ترمیم میں غیر شادی شدہ عورت کو بھی شامل کرنے کے لیے شوہر کے بجائے "پارٹنر” کا لفظ استعمال کیا گیا تھا۔