کرناٹک

’مجھے ٹکٹ نہ دینا بھاری پڑے گا‘

باغیانہ تیور دکھاتے ہوئے سابق چیف منسٹر کرناٹک جگدیش شیٹر نے کہا ہے کہ انہیں اسمبلی الیکشن میں ہبلی۔ دھارواڑ سنٹرل حلقہ سے ٹکٹ نہ دینے کا 20 تا 30 نشستوں پر اثر پڑے گا۔

ہبالی(کرناٹک): باغیانہ تیور دکھاتے ہوئے سابق چیف منسٹر کرناٹک جگدیش شیٹر نے کہا ہے کہ انہیں اسمبلی الیکشن میں ہبلی۔ دھارواڑ سنٹرل حلقہ سے ٹکٹ نہ دینے کا 20 تا 30 نشستوں پر اثر پڑے گا جبکہ مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے ہفتہ کے دن یہاں ان سے ملاقات کی اور تیقن دیا کہ پارٹی ان کی امیدواری پر مناسب فیصلہ کرے گی۔

متعلقہ خبریں
دوسری پارٹیوں میں شامل ہونے والے بی آر ایس قائدین کو انتباہ
کانگریس، جگدیش شیٹر کو اہم عہدہ دے گی
راجہ سنگھ کی شکست ممکن ہے اگر مسلم ووٹ تقسیم نہ ہوں
غیر متعلقہ افراد کو پولیس اسٹیشنوں میں آنے کی اجازت نہ دینے کی ہدایت: سٹی پولیس کمشنر
مسلمان حق رائے دہی سے ضرور استفادہ کریں : صدر تعمیر ملت

شیٹر‘ ہبلی۔ دھارواڑ سنٹرل سے موجودہ رکن اسمبلی ہیں اور بی جے پی ہائی کمان نے جاریہ ہفتہ ان سے کہا تھا کہ وہ الیکشن سے اپنا نام واپس لے لیں جس سے سابق چیف منسٹر خفا ہوگئے تھے۔

بی جے پی نے 12 حلقوں بشمول ہبلی۔ دھارواڑ سنٹرل کے امیدواروں کی فہرست ابھی جاری نہیں کی ہے۔ اپنے حامیوں سے خطاب میں جگدیش شیٹر نے کہا کہ میں نے امید نہیں چھوڑی ہے۔

میں آپ لوگوں کی رائے لوں گا اور آئندہ کا لائحہ عمل طئے کروں گا۔ ٹکٹ نہ ملا تو ہم بیٹھ کر بات چیت کریں گے۔ میرا ماننا ہے کہ ایسی صورتِ حال پیدا نہیں ہوگی۔ شیٹر کی تائید میں احتجاج ہوا اور ہبالی میں جلسہ عام بھی منعقد ہوا۔ بی جے پی نے شیٹر کو منانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔

چیف منسٹر بسواراج بومئی بھی ان سے بات چیت کرچکے ہیں۔ بومئی نے کہا کہ جگدیش شیٹر شمالی کرناٹک کے سینئر قائد ہیں اور ہم انہیں اپنے ساتھ رکھنے کی پوری کوشش میں ہیں۔ مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے شیٹر سے ملاقات کے بعد کہا کہ پارٹی‘ سینئر قائد کی خدمات سے استفادہ کرے گی۔

بی جے پی تاحال 212 امیدواروں کی فہرست جاری کرچکی ہے۔ کرناٹک کی 224 رکنی اسمبلی کے لئے 10مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 13 مئی کو نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔