تلنگانہ

محمد یوسف میموریل اینڈ ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی کی جانب سے مفت ایجوکیشن کٹ کی تقسیم

مقررین نے کہا کہ تعلیم ایک ایسی طاقت ہے، جس سے ہر کسی کی قسمت بدل سکتی ہے، تعلیم کے بغیر دنیا میں انسان کی کوئی اہمیت نہیں ہے، آج کے اس جدید ٹکنالوجی والے دور میں تعلیم سب کے لئے ضروری ہے۔

نارائن پیٹ: محمد یوسف میموریل اینڈ ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی نارائن پیٹ کے زیراہتمام نارائن پیٹ ٹاؤن و اطراف و اکناف کے سرکاری و خانگی اسکول’ مدرسہ کے سینکڑوں یتیم طلباء و طالبات ودیگر طلباء جس میں جماعت نرسری تا انٹرمیڈیٹ اردو میڈیم کے طلباء و طالبات میں آج نارائن پیٹ کے ماڈرن ہائی اسکول میں مفت ایجوکیشن کٹ ( تعلیمی اشیاء ) کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔

اس ایجوکیشن کٹ میں اسکول بیاگ ‘ نوٹ بک’ پن’ پنسل’ ٹیفن باکس’ واٹر بوٹل کے علاوہ دیگر تعلیمی اشیاء شامل ہیں۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ضلع ایس پی وینکٹیش ورلو’ محمد غوث سنڈکے انجنیئر حیدرآباد’ محمد رضوان میکینکل انجئیر حیدرآباد’ محمد حسین سنڈکے ‘ محمد ہدایت ﷲ جنرل سکریٹری المکہ ایجوکیشن سوسائٹی’ مولانا فاروق بن مخاشن نظامی ودیگر نے شرکت کی۔

ضلع ایس پی وینکٹیش ورلو نے خطاب کرتے ہوئے صدر سوسائٹی جناب شرف الدین کی بھر پور ستائش کی اور انکے اس مشن کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مزید انہوں نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سورج کی طرح چمکنا چاہتے ہیں تو سورج کی طرح جلنا ہوگا۔ تعلیم کا حاصل کرنا بے حد ضروری ہے اور طلباء کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ محنت و مشقت کے ساتھ تعلیم پر توجہ دیں اور ایک قابل شخص بننے کی کوشش کریں۔

مقررین نے کہا کہ تعلیم ایک ایسی طاقت ہے، جس سے ہر کسی کی قسمت بدل سکتی ہے، تعلیم کے بغیر دنیا میں انسان کی کوئی اہمیت نہیں ہے، آج کے اس جدید ٹکنالوجی والے دور میں تعلیم سب کے لئے ضروری ہے۔ مقررین نے کہاکہ ہر فرد اور ہر ادارے کو چاہئے کہ اس خصوص میں کام کرے اور قوم کے نونہالوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے۔

انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آج جتنی بھی ترقی ہورہی ہے، سب کچھ تعلیم کی بنیاد پر ہی ہورہی ہے، یہ تعلیم کے بغیر کوئی ترقی ممکن نہیں ہوگی۔انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ اساتذہ والدین اور اپنے بڑوں کا ادب کرنا سیکھیں، اور خوب محنت ولگن کے ساتھ پڑھائی کریں، مہمان حضرات نے سوسائٹی کے اس اقدام کی زبردست ستائیش بھی کی۔

تقریب کا آغاز حافظ محمد غوث انپور کی قرآت کلام پاک سے ہوا جبکہ نعت شریف ماڈرن اسکول کے طالب علم نے پڑھی۔ تقریب کی کارروائی جناب عبدالقدیر کرسپانڈنٹ اسکول نے چلائی۔ حافظ محمد تقی کنوینر پروگرام کے شکریہ پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔ اس موقع پر حافظ جلال’ مناظر سنڈکے’ ذاکر حسین تاج صدر مدرس اسکول’ رضا لکچرر’ محمد علی ٹیچر’ ظہیر الدین ٹیچر کے علاوہ مختلف اسکول کے ذمہ داران و اساتذہ’ طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

a3w
a3w