مہاراشٹرا

مراٹھا کوٹہ: منوج جرنگے پاٹل کا احتجاج ختم کرنے سے انکار

مراٹھا کوٹہ کے لئے احتجاج کے درمیان چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے نے کہا کہ ایک کمیٹی اندرون ایک ماہ رپورٹ پیش کردے گی کہ مرٹھواڑہ کے مراٹھوں کو کنبی کاسٹ سرٹیفکیٹ کیسے جاری کیا جائے۔

ممبئی: مراٹھا کوٹہ کے لئے احتجاج کے درمیان چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے نے کہا کہ ایک کمیٹی اندرون ایک ماہ رپورٹ پیش کردے گی کہ مرٹھواڑہ کے مراٹھوں کو کنبی کاسٹ سرٹیفکیٹ کیسے جاری کیا جائے۔

کھیتی باڑی سے وابستہ کنبی برادری مہاراشٹرا میں او بی سی (دیگر پسماندہ طبقات) کے زمرہ میں آتی ہے۔ چیف منسٹر نے ممبئی میں میڈیا سے کہا کہ کمیٹی قائم کی گئی ہے اور اس سے اندرون ایک ماہ رپورٹ مانگی گئی ہے کہ مرہٹواڑہ کی مراٹھی برادری کو کنبی سرٹیفکیٹ کیسے جاری کیا جائے۔

حکومت نے اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیا ہے اور ہم پرامن حل کے لئے کوشاں ہیں۔ مرہٹے تعلیم اور سرکاری نوکریوں میں ریزرویشن مانگ رہے ہیں۔ 2018 میں اُس وقت کی حکومت ِ مہاراشٹرا نے مراٹھا برادری کو تعلیم اور روزگار میں ریزرویشن سماجی و تعلیمی پسماندہ زمرہ کے تحت دیا تھا جس پر مئی 2021 میں سپریم کورٹ نے یہ کہتے ہوئے روک لگادی تھی کہ جملہ ریزرویشن 50 فیصد سے زائد نہیں ہوسکتا۔

چیف منسٹر نے کہا کہ میں نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ مراٹھا کوٹہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا مطالعہ کریں اور حل تجویز کریں۔ ہمیں یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ مراٹھا برادری پسماندہ ہے۔ضلع جالنہ میں بھوک ہڑتال کررہے منوج جرنگے پاٹل نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ وہ گورنمنٹ آرڈر(جی آر) جاری ہونے تک اپنا احتجاج ختم کرنے والے نہیں۔

ضلع جالنہ کے موضع انترولی سارتی میں پھر سے کوٹہ احتجاج ہونے لگا ہے۔ جمعہ کے دن پولیس نے تشدد پر آمادہ ہجوم کو منتشرکرنے لاٹھی چارج کیا تھا اور آنسو گیس شل برسائے تھے۔ پولیس‘ جرنگے پاٹل کو ہسپتال منتقل کرنا چاہتی تھی لیکن احتجاجیوں نے اسے ایساکرنے سے روک دیا تھا۔ کئی افراد بشمول 40 پولیس والے زخمی ہوئے تھے۔ مہاراشٹرا آر ٹی سی کی 15 سے زائد بسوں کو آگ لگادی گئی تھی۔

a3w
a3w