دہلی

مرکزر عایتی دام پر ٹماٹر فروخت کرے گا

مرکز قبل ازیں 90 روپے فی کیلو ٹماٹر کے برخلاف اتوار سے 80 روپے فی کیلو کی قیمت پر ٹماٹر فروخت کرے گا تاکہ عوام کو ریٹیل بازاروں میں باورچی خانے کی ایک اہم سبزی کی اونچی قیمتوں سے راحت مہیا کی جاسکے۔

نئی دہلی: مرکز قبل ازیں 90 روپے فی کیلو ٹماٹر کے برخلاف اتوار سے 80 روپے فی کیلو کی قیمت پر ٹماٹر فروخت کرے گا تاکہ عوام کو ریٹیل بازاروں میں باورچی خانے کی ایک اہم سبزی کی اونچی قیمتوں سے راحت مہیا کی جاسکے۔

مرکز نے جمعہ کے دن موبائل ویانس کے ذریعہ دہلی۔ این سی آر میں ڈسکاونٹ شدہ 90 روپے فی کیلو پر ٹماٹر فروخت کرنا شروع کیا۔ ہفتہ کے دن مزید شہروں کو شامل کیا گیا۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی مداخلت اور ملک میں کئی مقامات پر 90 روپے فی کیلو کے رعایتی نرخ پر فروخت کی وجہ سے ٹماٹر کی ہول سیل قیمتوں میں کمی ہوئی جہاں قیمتیں غیر معمولی اونچی تھیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں 500 سے زائد مقامات پر صورتحال کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد آج اتوار سے یہ 80 روپے فی کیلو کے نرخ پر فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا دہلی، نوئیڈا، لکھنو، کانپور، وارناسی، پٹنہ، مظفر پور اور آرا میں کئی مقامات پر امداد باہمی کے اداروں این اے ایف ای ڈی اور این سی سی ایف کے ذریعہ اتوار کے دن فروخت شروع کی گئی۔

پیر سے مزید شہروں میں ڈسکاونٹ شدہ نرخ پر ٹماٹر کی فروخت کی جائے گی تاہم اس کا انحصار اس نوعیت کے مقامات پر مارکٹ کی موجودہ قیمتوں پر ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند صارفین کو راحت مہیا کرنے کی پابند ہے۔

نیشنل کوآپریٹیو کنزیومر فیڈریشن آف انڈیا (این سی سی ایف) اور نیشنل اگریکلچرل کوآپریٹیو مارکٹنگ فیڈریشن آف انڈیا (این اے ایف ای ڈی) مرکز کی طرف سے موبائل ویانس کے ذریعہ ٹماٹر فروخت کررہے ہیں۔مانسون کی بارش اور فصل کے سیزن کی وجہ سے ریٹیل مارکٹ میں ٹماٹر کی قیمتیں اونچی سطح 250 روپے فی کیلو تک برقرار ہیں۔