شمالی بھارت

ممتابنرجی حکومت 5ماہ میں گرجائے گی

مغربی بنگال بی جے پی کے دوسرکردہ قائدین نے اتوار کے دن پیش قیاسی کی کہ ممتابنرجی زیرقیادت ترنمول کانگریس حکومت آئندہ 5 تا6ماہ میں گرجائے گی۔

کولکتہ: مغربی بنگال بی جے پی کے دوسرکردہ قائدین نے اتوار کے دن پیش قیاسی کی کہ ممتابنرجی زیرقیادت ترنمول کانگریس حکومت آئندہ 5 تا6ماہ میں گرجائے گی۔

بی جے پی کے رکن لوک سبھا حلقہ بنگاؤں ضلع شمالی چوبیس پرگنہ اور مرکزی مملکتی وزیربندرگاہیں وجہازرانی شانتانوٹھاکر نے پہلے یہ پیش قیاسی کی۔

انہوں نے کہا کہ میں‘ گیارنٹی دے سکتا ہوں کہ موجودہ ریاستی حکومت پانچ تا6ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی۔ انہوں نے اپنی اس پیش قیاسی کی منطق نہیں بتائی۔ چند گھنٹے بعدبی جے پی کے ریاستی صدر مغربی بنگال اور پارٹی کے رکن لوک سبھا بلورگھاٹ سکنتامجمدار نے ایسی ہی پیش قیاسی تھوڑی وضاحت کے ساتھ کی۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت 5 تا6ماہ میں کسی بھی وقت گرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کیسے چلتی ہے‘ منتخبہ ارکان اسمبلی کی تائید سے۔ یہ کسی بھی وقت ممکن ہے کہ ارکان اسمبلی کی ایک بڑی تعداد تائید واپس لے لے۔ ان کے بموجب ایک منتخبہ ریاستی حکومت کے گرنے کا ایک اور امکان ہے۔

فرض کرلیجئے کوئی عوامی تحریک چلے اور دباؤ میں ارکان اسمبلی کی ایک مخصوص تعداد مستعفی ہوجائے۔ حکومت گرنے کا یہ بھی ایک امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کسی بھی وقت کچھ بھی ممکن ہوتا ہے۔

ترنمول کانگریس کے ریاستی ترجمان کنال گھوش نے کہا کہ سابق میں مغربی اسمبلی میں قائد اپوزیشن سویندوادھیکاری کئی مرتبہ ایسے دعوے کرچکے ہیں۔

اب یہ لوگ وقت مقررہ کے ساتھ پیش قیاسیاں کررہے ہیں۔ ان لوگوں کو قیاس آرائیاں کرتے رہنے دیجئیے۔ ان کا خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوگا۔ مغربی بنگال میں بی جے پی کی کوئی عوامی بنیاد نہیں ہے۔