مسجد الحرام میں 12 ملین لیٹر آب زم زم تقسیم
ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے گزشتہ دو ہفتے کے دوران مسجد الحرام میں 12 ملین لیٹرآب زم زم تقسیم کیا گیا۔
مکہ مکرمہ: ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے گزشتہ دو ہفتے کے دوران مسجد الحرام میں 12 ملین لیٹرآب زم زم تقسیم کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق آب زم زم کی تقسیم کے ادارے ’سقیا زم زم‘ کے ڈائرکٹرعبدالرحمان الزھرانی کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں ضیوف الرحمان کو مستقل بنیادوں پرآب زم زم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد انتظامات کیے گئے ہیں۔
رواں ماہ ذی الحجہ کی یکم تاریخ سے 15 تک ادارہ سقیا کے کارکنوں نے مختلف طریقوں سے زائرین اورحجاج میں آب زم زم تقسیم کیا۔زم زم کی فراہمی اور تقسیم کے حوالے سے ’الزھرانی‘ کا مزید کہنا تھا کہ ادارہ سقیا کے کارکنوں کو ’شولڈرکولرز‘ خصوصی طورپرفراہم کیے جاتے ہیں جن میں ہرکولر میں 40 لیٹرپانی کی گنجائش ہے۔
شولڈرکولرز کے علاوہ 330 ملی لیٹروالی بوتلوں کے ذریعے بھی آب زم زم فراہم کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں آب زم زم حجاج کوفراہم کرنے لیے سمارٹ ٹرالیوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اسمارٹ ٹرالیاں مختلف مقامات پرمخصوص حصے میں گھومتی ہیں جن پرآب زم زم کی چھوٹی بوتلیں رکھی ہوتی ہیں۔
شولڈرکولرز کے علاوہ حرم شریف کے مختلف مقامات پرآب زم زم کے کولرز موجود ہیں۔ مذکورہ کولرز مسجد الحرام کے اندر اور بیرونی صحنوں میں بھی رکھے جاتے ہیں۔الزھرانی کا مزید کہنا تھا کہ بوتلوں کے ذریعے آب زمزم فراہم کرنے کیلیے 1150 کارکنوں کو متعین کیاجاتا ہے جو مختلف اوقات میں ڈیوٹی دیتے ہیں۔