شمالی بھارت

رکن پارلیمنٹ محب اللہ ندوی کے ریمارکس پر اعظم خان کی بیگم کی تنقید

جیل میں بند سماج وادی پارٹی قائد محمد اعظم خان کی بیگم تزئین فاطمہ نے رامپور سے سماج وادی پارٹی کے نومنتخب رکن پارلیمنٹ محب اللہ ندوی کے حالیہ اعظم خان مخالف ریمارکس پر تنقید کی۔

رامپور(یوپی): جیل میں بند سماج وادی پارٹی قائد محمد اعظم خان کی بیگم تزئین فاطمہ نے رامپور سے سماج وادی پارٹی کے نومنتخب رکن پارلیمنٹ محب اللہ ندوی کے حالیہ اعظم خان مخالف ریمارکس پر تنقید کی۔

منگل کے دن میڈیا سے بات چیت میں محب اللہ ندوی نے جنہوں نے رامپور سے لگ بھگ 90 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے جیت حاصل کی‘ کہا تھا کہ لوگ اصلاح کے لئے جیل بھیجے جاتے ہیں۔ جیل مرکز اصلاح ہوتی ہے۔ میں اعظم کے لئے صرف دعا کرسکتا ہوں۔

ان ریمارکس پر ردعمل میں تزئین فاطمہ نے جمعرات کے دن کہا کہ محب اللہ ندوی کو ایسا بیان نہیں دینا چاہئے تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں (ندوی) جیل جانے کا بڑا تجربہ ہے۔ رامپور نشست کے لئے سماج وادی پارٹی نے دہلی میں رہنے والے ایک عالم دین کو چُنا۔ اس ن پارٹی کے بڑے رہنما اعظم خان کے چہیتے عاصم راجہ کو نظرانداز کردیا۔

اعظم خان اِن دنوں سیتاپور جیل میں ہیں۔ تزئین فاطمہ بھی اپنے لڑکے کے فیک برتھ سرٹیفکیٹ کیس میں رامپور جیل میں تھیں۔ وہ گزشتہ ماہ ضمانت پر رہا ہوئیں۔ اسی دوران مرادآباد لوک سبھا نشست جیتنے والی سماج وادی پارٹی امیدوار رُچی ویرا نے بھی محب اللہ ندوی کے بیان پر تنقید کی۔

وہ چہارشنبہ کے دن اعظم خان کے گھر گئی تھیں جہاں انہو ں نے تزئین فاطمہ سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا تھا کہ محب اللہ ندوی کو سمجھنا چاہئے کہ اعظم خان جی نے سماج وادی پارٹی کے لئے اپنا خون پسینہ بہایا ہے۔