تلنگانہ

منگوڈ کے ٹی آر ایس اور سی پی ایم کارکنوں کی کانگریس میں شمولیت

منگوڈ اسمبلی حلقہ کے ٹی آر ایس، سی پی آئی اور سی پی ایم کے 300 سے زائد کارکنوں نے آج کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

حیدرآباد: منگوڈ اسمبلی حلقہ کے ٹی آر ایس، سی پی آئی اور سی پی ایم کے 300 سے زائد کارکنوں نے آج کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی نے اپنی قیامگاہ واقع بنجارہ ہلز میں ان کارکنوں کا کھنڈوا پہنا کر استقبال کیا اور انہیں کانگریس پارٹی میں شامل کرنے کا اعلان کیااور کہا کہ ایک دور میں سرپنچوں اور ایم پی ٹی سی کا احترام کیا جاتا تھا۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد مقامی لیڈروں کا وقار گھٹ گیا ہے اور انہیں لوگ پیروکار کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس، تلنگانہ کے پرامن ماحول کو مکدر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ریاست میں مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے لیکن تلنگانہ حکومت کو غریب عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے قومی سیاست میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔

پنچایتوں کے انتخابات منعقد کرنے عوام منتظر ہیں۔ ریونت ریڈی نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ منگوڈ میں کانگریس امید وار پی شراونتی کی کامیابی کیلئے متحدہ طور پر انتخابی مہم میں حصہ لیں۔