دہلی

میں بھارت ماتا کا حقیقی بھکت ہوں:مودی

مودی نے پیر کے روز تلنگانہ کے ٹاؤن جگتیال میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے’شکتی‘ سے متعلق راہول گاندھی کے متنازعہ ریمارکس کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ وہ شکتی کے خلاف اپوزیشن کی سازشوں اوراس کے منصوبوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

نئی دہلی: وزیراعظم نریندرمودی نے پیر کے روز تلنگانہ کے ٹاؤن جگتیال میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے’شکتی‘ سے متعلق راہول گاندھی کے متنازعہ ریمارکس کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ وہ شکتی کے خلاف اپوزیشن کی سازشوں اوراس کے منصوبوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

ممبئی کے شیواجی پارک میں اتوار کے روز اپوزیشن کے طاقت مظاہرہ کے لئے منعقدہ ریالی کے دوران راہول گاندھی نے’شکتی‘ جوہندومت میں قابل احترام شخصیت ہے سے متعلق تبصرہ، بڑے تنازعہ کی شکل اختیارکرگیاہے۔

کانگریس قائد راہول کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہاکہ ان کی لڑائی شکتی کے خلاف ہوسکتی ہے مگر میرے لئے ہر ماں اوربیٹی، شکتی کی نمائندہ ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اپنی آخری سانس تک لڑنے کا عہدکیا۔

خود کو بھارت ماتاکا حقیقی بھکت‘ پجاری قراردیتے ہوئے وزیراعظم مودی نے مزید کہاکہ وہ ہرشکتی کے مختلف روپ ہیں کے تحفظ کے لئے اپنی جان بھی قربان کردیں گے۔ راہول گاندھی کا یہ ریمارک ایک بڑے تنازعہ کی شکل اختیارکرگیاہے۔ ان ریمارکس پر بھارتیہ جنتاپارٹی کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا اورآخرالذکر(راہول) پر الزام عائد کیاکہ وہ توہین آمیز خیالات کو فروغ دے رہے ہیں۔

66 روزہ نیائے یاترا کے اختتام پر ممبئی میں اتوارکے روز انڈیا اتحاد کاایک جلسہ رکھاگیا جس سے خطاب کے دوران راہول نے کہاکہ ہندودھرم میں ایک شکتی کی اصطلاح ہے ہم اس شکتی کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے مطابق وزیراعظم نریندرمودی نے الزام عائد کیاکہ انڈیابلاک کامنشورشکتی کوختم کرنے کی بات کرتا ہے۔

مودی نے جگتیال میں بی جے پی کی ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ لڑائی ان لوگوں کے درمیان ہے جو شکتی کو ختم کرناچاہتے ہیں اوردوسرے لوگ اس شکتی کی پوجاکرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کے نزدیک ماں اوربیٹی، شکتی کے مختلف روپ ہیں۔ جس کی وہ پوجاکرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شیواشکتی کی وجہ سے ملک کا چندریان مشن کامیاب رہا لیکن اپوزیشن اس شکتی کو ختم کرناچاہتاہے۔

ممبئی کے شیواجی پارک میں انڈیابلاک کے جلسے میں راہول گاندھی کے ریمارکس کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اپوزیشن کا منشورشکتی کوختم کرنے کی بات کرتاہے۔ وہ، ان کے چالینج کو قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ ماؤں اوربیٹیوں کے تحفظ اوران کی سیکیوریٹی کیلئے اپنی جان بھی قربان کردیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیاکہ تلنگانہ میں بی جے پی کوفروغ مل رہاہے۔ یوم رائے دہی جیسے قریب آئے گی۔ ویسے ریاست میں بی جے پی کے حق میں لہر چلے گی۔ کانگریس اور بی آر ایس کا صفایاہوجائے گا۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ کانگریس نے تلنگانہ کواے ٹی ایم مشین بنالیاہے اوریہاں سے لوٹی گئی دولت دہلی منتقل کی جارہی ہے۔