کھیل

سورو گنگولی کی حمایت میں ممتا بنرجی کھل کر سامنے آگئیں

انہوں نے کہا کہ سورو گنگولی ہمارے فخر ہیں۔ گنگولی نے کرکٹ کے میدان میں مہارت کے ساتھ کھیل پیش کیا ہے۔ اس کے بعد حسن خوبی کے ساتھ کرکٹ بورڈ میں انتظامی ذمہ داری اٹھائی ہے۔

کلکتہ: شمالی بنگال کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل ممتا بنرجی نے ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سورو گنگولی کے تئیں ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آخر سورو گنگولی کوبی سی سی آئی کے صدر کے عہدے سے کیوں ہٹایا جارہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ سورو گنگولی ہمارے فخر ہیں۔ گنگولی نے کرکٹ کے میدان میں مہارت کے ساتھ کھیل پیش کیا ہے۔ اس کے بعد حسن خوبی کے ساتھ کرکٹ بورڈ میں انتظامی ذمہ داری اٹھائی ہے۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ عدالت نے بی سی سی آئی کے صدر اور جنرل سیکریٹری کے عہدہ پر مزید تین سال کیلئے تقرری کی اجازت دیدی۔ امیت شاہ کے بیٹے جئے شاہ کو مزید تین سال کے لئے جنرل سیکریٹری بنایا جارہا ہے تو پھر گنگولی کو مزید تین سال کے لئے صدارت کے عہدہ پر فائز کیوں نہیں کیا جارہا ہے؟

ممتا بنرجی نے سورو گنگولی کو بی سی سی آئی کے صدر کے عہدے سے ہٹانے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب امیت بابو کا بیٹا دوبارہ بی سی سی آئی کا جنرل سیکریٹری مقرر رہ سکتا ہے تو گنگولی کیوں نہیں؟

مجھے یہ بات سمجھ میں نہیں آرہی ہے آخر سورو گنگولی کو کیوں نہیں دوبارہ صدر بنایا جارہا ہے؟ اس کے پیچھے کیا مقاصد ہیں؟ یہ غیر منصفانہ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جگموہن ڈالمیا جس طریقے سے بی سی سی آئی سے آئی سی سی میں گئے تھے، سوروو گنگولی کو بھی آئی سی سی کے صدر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑ نا چاہئے۔ ممتابنرجی نےکہا کہ میں وزیراعظم سے خصوصی درخواست کروں گی کہ سورو کو آئی سی سی کے صدر کے عہدے کے لئے انتخاب لڑنے کی اجازت دی جائے۔ آخر سورو کو کیوں محروم کیا جارہا ہے، اس کا کیا قصورہے ؟ سورو، ہمیں تم پر فخر ہے۔

واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے 11 اکتوبر کو ایک خصوصی میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے بعد معلوم ہوا ہے کہ سورو گنگولی بی سی سی آئی کے صدر کے عہدے سے دستبردار ہونے جا رہے ہیں۔ سابق کرکٹر راجر بنی، سورو گنگولی کی جگہ بی سی سی آئی کے صدر کے عہدہ پر فائز ہوں گے ۔

اسی دوران سورو گنگولی نے کہا ہے کہ وہ بنگال کرکٹ بورڈ کا انتخاب لڑیں گے۔ اس صورت میں ممتا بنرجی کا یہ تبصرہ کافی اہم سمجھا جارہا ہے۔

a3w
a3w