تلنگانہ

نئی گروہا لکشمی اسکیم متعارف کرانے حکومت تلنگانہ کا اعلان

ذاتی زمین پرمکان تعمیرکرنے سے متعلق عوام کی خواہشات کااحترام کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے جمعرات کے روز”نئی اسکیم گرہالکشمی“ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

حیدرآباد: ذاتی زمین پرمکان تعمیرکرنے سے متعلق عوام کی خواہشات کااحترام کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے جمعرات کے روز”نئی اسکیم گرہالکشمی“ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

اس اسکیم کے تحت استفادہ کنندہ کو حسب ضرورت مکان کی تعمیر کے لئے ایک وقت میں 3لاکھ روپے کی امداد (گرانٹ)فراہم کی جائے گی۔اس سلسلہ میں ضروری رہنمایانہ خطوط بہت جلد جاری کئے جائیں گے۔

چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ کی زیر صدارت آج پرگتی بھون میں منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں پوڈولینڈکے پٹہ دارپاس بک تقسیم کرنے‘ دلت بندھو کے دوسرے مرحلہ اور شیپ ڈسٹری بیوشن اسکیم پرعمل آوری کوجاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔

کابینہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں سے میڈیا کے نمائندوں کو واقف کراتے ہوئے ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤنے کہاکہ چیف منسٹرنے پہلے ہی ذاتی زمین رکھنے والوں کومکان کی تعمیر کے لئے 3 لاکھ روپے کی مددفراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ حسب وعدہ کے چندرشیکھرراؤنے گرہالکشمی اسکیم کے تحت 4لاکھ استفادہ کنندگان میں فی کس 3لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریاست کے جملہ 119 اسمبلی حلقہ جات میں ہرایک اسمبلی حلقہ میں 3 ہزار مکانات اور ریاستی کوٹہ کے تحت مزید 43 ہزار مکانات مخظورکئے گئے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت صرف خواتین استفادہ کنندگان کے نام سے ہی مکانات منظور کئے جائیں گے اور استفادہ کنندگان کے اکاؤنٹ میں ایک ایک لاکھ روپے تین اقساط میں جملہ 3 لاکھ روپے ڈپازٹ کئے جائیں گے۔اس مقصد کے تحت ریاستی بجٹ میں پہلے ہی 12 ہزار کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ جاری ڈبل بیڈروم امکنہ اسکیم اور امکنہ اراضی کی تقسیم کی اسکیم بھی علحدہ طورپر جاری رہے گی۔ کابینہ نے متحدہ ریاست میں ٹی ڈی پی اورکانگریس کے دورحکومتوں میں کمزور طبقات کی امکنہ اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان کومنظورہ قرض کی معافی کی بھی توثیق کی ہے۔ تقریباً ڑھے چار گھنٹوں تک جاری رہنے والے کابینہ کے اجلاس میں کئی اہم فیصلہ کے گئے۔

ٹی ہریش راؤ نے مزید کہاکہ دلت بندھواسکیم کے دوسرے مرحلہ کے تحت ایک لاکھ 30ہزار دلت خاندانوں کومالی امداد فراہم کرنے کافیصلہ کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ اسمبلی حضورآبادمیں 100 مستحق لوگوں کو دلت بندھوکی امداد سے مستفید کرایاگیا۔ ماباقی 118 اسمبلی حلقوں میں 1,29,800 مستحق دلتوں کومالی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بھیڑوں کی تقسیم کا پروگرام اپریل تا اگست منعقد کیاجائے گا۔

اس اسکیم کیلئے حکومت نے بجٹ میں 4430 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔حکومت نے بنجر زمینوں کا مسئلہ حل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ ایک لاکھ 53 ہزار قبائلیوں میں 4لاکھ ایکڑ پودو اراضی تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں ڈاکٹر بی آرامبیڈکرکے قدآدم مجسمہ کی 14 اپریل کونقاب کشائی کی جائے گی۔اس سلسلہ میں ایک جلسہ عام بھی منعقد کیاجائے گا۔ جی اوز58اور 59 کے تحت غریبوں کومکانات کے پٹہ دینے کا فیصلہ کیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ بھکتوں کی سہولت کے لئے کاشی میں 25 کروڑ کی لاگت سے سرائے خانہ تعمیر کیاجائے گا۔ایپاسوامی مندر کوجانے والے یاتریوں کے لئے کیرالہ میں 25کروڑ کی لاگت سے سرائے خانہ تعمیر کیاجائے گا۔ اطلاع کے مطابق آج کے کابینہ کے اجلاس میں گورنر کوٹہ کے تحت 2ایم ایل سی کونامزد کرنے کے لئے پارٹی قائدین کے ناموں پرغورکیاگیا۔

گورنر کے پاس زیرالتواء بلز کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔ ای ڈی نے کویتا کوشراب اسکام کی تحقیقات کے لئے نوٹس جاری کی ہے۔ اگر ای ڈی کی جانب سے کے کویتا کوگرفتار کیا جاتا ہے تو اس پر پارٹی کے ردعمل پر بھی غور وخوص کیاگیا۔

ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ نئے سکریٹریٹ کامپلکس اور تلنگانہ شہیدان میموریل کے تعمیری کام تکمیل کے مراحل میں ہیں جون سے قبل ان کاافتتاح متوقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزدھان خریدنے سے انکار کرے گا توپھر ریاستی حکومت اپریل کے آخری ہفتہ سے دھان خریدنے کا عمل شروع کرے گی۔

a3w
a3w