سوشیل میڈیاکھیل

نامعلوم شخص نے مجھ سے ٹیم کی اندرونی معلومات مانگی:سراج

آئی پی ایل 2023 کا جادو اس وقت پوری دنیا میں سر چڑھ کر بول رہاہے اور اسی دوران ایک سنسنی خیز خبر سامنے آئی ہے۔

نئی دہلی:آئی پی ایل 2023 کا جادو اس وقت پوری دنیا میں سر چڑھ کر بول رہاہے اور اسی دوران ایک سنسنی خیز خبر سامنے آئی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ ٹیم کی اندرونی معلومات رائل چیلنجرز بنگلور کے بڑے کھلاڑیوں سے مانگی گئی ہیں۔ یہ کھلاڑی کوئی اور نہیں بلکہ محمد سراج ہیں جنہیں کچھ عرصہ قبل ایک فون آیا تھا جس میں ان سے ایسی بات پوچھی گئی تھی۔ محمد سراج نے اس بارے میں بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کردیا ہے۔

محمد سراج نے بتایاکہ آئی پی ایل میں کافی رقم گنوانے کے بعد کسی نامعلوم شخص نے ان سے رابطہ کیا اور ٹیم کی اندرونی معلومات مانگیں۔

سراج نے فوری طورپر بی سی سی آئی کے اے سی یو کو اس کی اطلاع دی۔ اطلاعات کے مطابق محمد سراج سے رابطہ رکھنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ انکشاف ہوا ہے کہ وہ بکی نہیں تھا۔ وہ حیدرآباد میں رہنے والا ڈرائیور تھا۔ بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اپنی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل اس سے قبل بھی اسپاٹ فکسنگ کی زد میں آچکا ہے۔

2013 میں راجستھان رائلز کیلئے کھیلنے والے سابق فاسٹ بولر ایس سری سانتھ سمیت تین کھلاڑی بھی اسی طرح کے ایک کیس میں ملوث تھے۔ سزا کے طورپر ان پر طویل عرصے کیلئے پابندی بھی لگائی گئی۔ واضح رہے کہ محمد سراج نے اے سی یو کو نامعلوم شخص کے فون کی معلومات دے کر بڑا کام کیا ہے۔

کیونکہ گزشتہ سال بنگلہ دیش کے سابق کپتان شکیب الحسن کو بھی ایسی کال آئی تھی اور انہوں نے بی سی سی آئی اے سی یو کو کوئی اطلاع نہیں دی تھی جس کے بعد ان پر پابندی بھی لگادی گئی تھی۔ حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج آئی پی ایل 2023 میں زبردست فام میں ہیں۔

اس دائیں ہاتھ کے بولر نے رواں سیزن میں 5 میچوں میں 8 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سراج کا اکانومی ریٹ بھی صرف 7 رنز فی اوور ہے۔ چناسوامی کے پاتا پچ پر بھی سراج کا دلکش مظاہرہ جاری ہے۔ ان کی گیندوں پر رنز بنانا اتنا آسان نہیں ہوتا۔ تاہم اس کے باوجود ان کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں آٹھویں نمبر پر ہے۔

a3w
a3w