نوئیڈا: ’سوپر ٹیک ٹوئن ٹاورس‘ پل بھر میں زمین بوس
گھڑی میں ڈھائی بجتے ہی سائرن کی تیز آواز سنی گئی اور اگلے ایک منٹ میں ریموٹ کنٹرول سے کئے گئے دھماکے کے بعد پل بھر میں ٹوئن ٹاور تاش کے پتوں کی طرح بھربھرا کر گرگئے۔
گوتم بدھ نگر: قومی دارالحکومت علاقہ(این سی آر)دہلی سے منسلک اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے نوئیڈا سیکٹر 93ا ے میں واقع غیر قانونی طریقے سے تعمیر شدہ کثیر منزلہ رہائشی سوسائٹی سوپرٹیک کے ‘ٹوئن ٹاورس’اتوار کو دھماکہ کر زمین دوز کردئیے گئے۔
اس کاروائی میں استعمال کئے گئے دھماکہ خیز مواد کے دھماکے سے کسی طرح کے جان و مال کے نقصان کی فی الحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق بدعنوانی کی بنیاد پر تعمیر کئے گئے 32منزلہ ٹوئن ٹاورس کو نوئیڈا ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں آج دن میں 2:30بجے منہدم کیا جانا تھا۔
گھڑی میں ڈھائی بجتے ہی سائرن کی تیز آواز سنی گئی اور اگلے ایک منٹ میں ریموٹ کنٹرول سے کئے گئے دھماکے کے بعد پل بھر میں ٹوئٹ ٹاور تاش کے پتوں کی طرح بھربھرا کر گرگئے۔
نوئیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسررتو مہیشوری نے کہا کہ عمارت گرائے جانے کے بعد موصول تازہ جانکاری کے مطابق ٹوئن ٹاورس کے آس پاس کسی سوسائٹی میں نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آس پاس کے علاقے میں سڑکوں پر دھول کی پرت جم گئی ہے۔ اسے صاف کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ایک گھنٹے میں حالات کا صحیح تجزیہ کیا جاسکے گا۔
ان ٹوئن ٹاورس کو منہدم کرنے میں دھماکہ خیز اشیاء کو اس طرح سے استعمال کیا گیا تھا کہ عمارت میں لگا کنکریٹ، دھماکہ ہوتے ہی دھول میں تبدیل ہوگیا۔ اس کے بعد پلک جھپکتے ہی ٹوئن ٹاورس دھوئیں کے غبار میں تبدیل ہوگئے۔ محض نوسیکنڈ کے اندر پوری عمارت زمین دوز ہوگئی اور اس کے ملبے سے اٹھی دھول نے آس پاس 500 میٹر کے علاقے کو ڈھک لیا۔
دھول کے غبارے کے شبہ کے پیش نظر 500میٹر کے دائرے والی سبھی عمارتوں کو پہلے ہی کپڑے اڑھا دئیے گئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی این سی آر کی بلڈنگ تعمیر کرنے والی کمپنی سپرٹیک کے ٹوئن ٹاورس کے دو بلاک ‘اپیکس اور سیین’ ماضی کا حصہ بن گئے۔ قابل ذکر ہے کہ ضلع انتظامیہ نے ٹوئن ٹاورس کو منہدم کرنے کی ذمہ داری پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنی’ اے ڈی فائس’ کو سونپی تھی۔
عمارت کے منہدم ہونے کے کچھ وقت بعد دھول ہٹانے کے لئے نگرنگم کی پہلے سے تعینات اینٹی اسماگ گن سے پانی کے تیز فواروں سے پورے علاقے میں چھڑکاؤ شروع کردیا گیا ہے۔ افسران نے بتایا کہ عمارت کا ملبہ ہٹانے میں تین مہینے کا وقت لگے گا۔
عمارت منہدم ہونے سے کچھ دیر پہلے نوئیڈا کے پولیس کمشنر آلوک کمار نے بتایا کہ پولیس نے ٹوئن ٹاورس کے آس پاس 500میٹر کے علاقے کو پوری طرح سے خالی کروا لیا تھا۔ انہوں نے کہا ٹوئن ٹاور کو واٹر فال تکنیک سے گرایا گیا۔ اس تکنیک سے ملبہ بکھرتا نہیں ہے۔ بلکہ پانی کی طرح نیچے گرتا ہے۔
اس سے پہلے نوئیڈا۔ گریٹر نوئیڈا ایکسپریس وے پر دوپہر 1:30بجے سے ایک گھنٹے کے لئے آمدورفت کو روک دیا گیا تھا۔ نوئیڈا کے ڈی سی پی(ٹریفک) گنیش نے کہا کہ ڈائیورٹ کئے گئے راستوں کے بارے میں گوگل میپ کو پہلے ہی اپڈیٹ کردیا گیا تھا۔ اس کی مدد سے لوگوں کو بند راستوں کی جانکاری مل جائے گی۔