کھیل

ورلڈ کپ میں صرف ہندوستان نہیں، تمام ٹیموں کیخلاف میچوں پر توجہ: بابر اعظم

انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ کسی ایک ٹیم پر نہیں بلکہ 10 ٹیموں پر ہے، ہمارا منصوبہ یہ ہے کہ ہر ٹیم کے خلاف اچھا کھیلنا ہے، میچ جیتیں گے، تو ہی ہم فائنل میں جائیں گے، کسی ایک ٹیم پر توجہ نہیں ہے۔

کراچی: پاکستانی قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں ہماری توجہ صرف ہندوستان نہیں بلکہ تمام ٹیموں کے خلاف اچھا کھیلنے پر مرکوز ہے کیونکہ بقیہ 9 ٹیموں کو ہرائیں گے، تو ہی فائنل میں پہنچ پائیں گے۔

متعلقہ خبریں
بابر کے چیک پر انعامی رقم مختلف درج، تصویر پر دلچسپ تبصرے
بابراعظم کو ہندوستان کے اسپورٹس نصاب میں شامل کرلیاگیا
دھون کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے: شاستری
ہند۔پاک ورلڈکپ میاچ کی تاریخ تبدیل
سرفراز کی کپتانی میں کھیلا، بہت کچھ سیکھا اور ڈانٹ بھی کھائی: بابر اعظم

دورہ سری لنکا کے لئے ٹیم کی روانگی سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ میں بھی کافی سن رہا ہوں کہ ہم ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں، یہ نہیں کہ ہندوستان کے ساتھ کھیلنے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ بھی 9 ٹیمیں ہیں جن سے ہمیں میچ کھیلنا ہے، اگر ان کو ہرائیں گے تو ہی فائنل تک پہنچ پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ کسی ایک ٹیم پر نہیں بلکہ 10 ٹیموں پر ہے، ہمارا منصوبہ یہ ہے کہ ہر ٹیم کے خلاف اچھا کھیلنا ہے، میچ جیتیں گے، تو ہی ہم فائنل میں جائیں گے، کسی ایک ٹیم پر توجہ نہیں ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جہاں بھی کرکٹ ہوگی، ہمیں وہاں جاکر کھیلنا ہے، پیشہ ورانہ کرکٹر کی حیثیت سے ہمیں مختلف کنڈیشنز اور ماحول میں جاکر کھیلنے کے لیے تیار رہنا ہوتا ہے، اسی چیز کو چیلنج کہتے ہیں، بطور کھلاڑی اور کپتان میرے کوشش ہوتی ہے کہ ہر ملک میں جاکر کارکردگی دکھاؤں، وہاں پاکستان کو میچ جتاؤں، یہی چیز ہمارے دماغ میں ہے۔

ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک ہندوستان کے 10 شہروں میں کھیلا جائے گا جس کے لیے پاکستان کو سرحد پار کا سفر کرنا ہوگا، تاہم اس کے لیے ابھی حکومت سے اجازت ملنا باقی ہے۔

اس وقت وزارت خارجہ کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ حکومتی محکمے دورہ ہندوستان کے لیے اجازت دینے سے قبل ضروری اقدامات میں مصروف ہیں۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل 25-2023 کی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنے سفر کا آغاز کرنے جا رہی ہے جہاں وہ سری لنکا کے خلاف 16 جولائی سے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

سری لنکا میں کنڈیشنز اسپن باؤلنگ کے لیے موافق ہیں اس لیے کپتان بابر اعظم کو نائب کپتان محمد رضوان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد میں سے کسی ایک کے انتخاب کا سخت فیصلہ کرنا ہوگا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں سرفراز احمد نے شاندار کھیل پیش کیا تھا اور انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔

تاہم بابر اعظم نے واضح کیا کہ اگر کنڈیشنز کی ڈیمانڈ ہوئی تو انہیں محمد رضوان کو پلیئنگ الیون سے ڈراپ کرنے میں کوئی دقت نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا بہت قبل از وقت ہے لیکن بحیثیت وکٹ کیپر میری پہلی ترجیح سرفراز احمد ہوں گے اور نائب کپتان کے لیے کھیلنا ضروری نہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

کپتان نے کہا کہ ہم کنڈیشنز کے حساب سے اپنی بہترین فائنل الیون میدان میں اتاریں گے۔

a3w
a3w