دہلی

کانگریس صدر کے انتخاب کی تاریخ کا اعلان

مستری نے کہا کہ کانگریس صدر کے انتخاب کا نوٹیفکیشن 22 ستمبر کو جاری کیا جائے گا اور 24 ستمبر سے 30 ستمبر تک روزانہ 11 سے تین بجے تک نامزدگیاں داخل کی جا سکیں گی۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔

نئی دہلی: کانگریس نے اپنے نئے صدر کے انتخاب کے لئے انتخابی شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے اتوار کو کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو پولنگ 17 اکتوبر کو ہوگی۔ کانگریس کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز باڈی کی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی صدر سونیا گاندھی کی صدارت میں یہاں ہوئی۔

 میٹنگ میں کئے گئے فیصلہ کے بعد پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کے صدر مدھوسودن مستری، جنرل سکریٹری تنظیم کے سی وینوگوپال اور مواصلات کے سربراہ جے رام رمیش نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر کے عہدہ کے انتخابی پروگراموں کا اعلان کیا۔

مستری نے کہا کہ کانگریس صدر کے انتخاب کا نوٹیفکیشن 22 ستمبر کو جاری کیا جائے گا اور 24 ستمبر سے 30 ستمبر تک روزانہ 11 سے تین بجے تک نامزدگیاں داخل کی جا سکیں گی۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔

 امیدواروں کے ناموں کی جانچ کا کام یکم اکتوبر کو کیا جائے گا اور اسی دن شام تک امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائے گی۔ امیدوار 8 اکتوبر تک اپنے نام واپس لے سکتے ہیں۔ اہل امیدواروں کی حتمی فہرست 8 اکتوبر کو شام 5 بجے جاری کی جائے گی۔

مستری نے کہا کہ امیدوار ہفتہ 8 اکتوبر سے اتوار 16 اکتوبر تک اپنے حق میں مہم چلا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں تو 17 اکتوبر بروز پیر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ ہوگی اور 19 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ جو لوگ اس عہدے کے لیے نامزدگی داخل کرنا چاہتے ہیں وہ کانگریس ہیڈ کوارٹر میں کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر کے عہدہ کے لیے 9000 سے زیادہ مندوبین ووٹ دیں گے۔ اگر کانگریس صدر کے عہدے کے لیے صرف ایک امیدوار ہے تو اس صورت میں انتخابی نتائج کا اعلان بھی اسی دن کیا جائے گا۔

وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کی زیر صدارت ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں ان انتخابی پروگراموں کو منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر ریلی 4 ستمبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ہوگی اور 7 ستمبر کو کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو پدیاترا شروع ہوگی۔

 کانگریس صدر کے عہدے کے لیے کوئی بھی شخص نامزدگی داخل کر سکتا ہے اور انتخاب کا عمل 24 ستمبر سے شروع ہوگا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کے استعفیٰ پر ورکنگ کمیٹی میں کوئی بات چیت ہوئی ہے، مسٹر جے رام رمیش نے کہا کہ سی ڈبلیو سی میں صرف کانگریس صدر کے انتخاب پر بات چیت ہوئی ہے۔

 کانگریس کے صدر کے انتخاب کے لیے کمیٹی کے سامنے جو قرارداد پیش کی گئی تھی، وہی جوں کی توں منظور کر لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک کی واحد پارٹی ہے جہاں صدر کے عہدے کے لیے انتخابات ہوئے ہیں، ہو رہے ہیں اور ہوتے رہیں گے۔