نوٹ بندی کے 6 سال مکمل۔ مودی پر راہول گاندھی کی تنقید
راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو نوٹ بندی کے لئے نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ یہ ملک کی معیشت پر دوتین امیر کبیر دوستوں کی اجارہ داری یقینی بنانے کی ”پے پی ایم“ کی کوشش تھی۔
نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی نے منگل کے دن وزیراعظم نریندر مودی کو نوٹ بندی کے لئے نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ یہ ملک کی معیشت پر دوتین امیر کبیر دوستوں کی اجارہ داری یقینی بنانے کی ”پے پی ایم“ کی کوشش تھی۔
کانگریس‘ مرکز اور ریاستوں میں کرپشن کے لئے بی جے پی پر طنز کرنے پی سی ایم اور پے پی ایم کا اکثر استعمال کرتی ہے۔
راہول گاندھی نے نوٹ بندی کے 6 سال مکمل ہونے پر ہندی میں ٹویٹ کیا کہ نوٹ بندی پے پی ایم کی دانستہ کوشش تھی تاکہ چھوٹے اورمتوسط کاروباریوں کو ختم کرتے ہوئے ہندوستانی معیشت پر مودی کے دو تین امیرکبیر دوستوں کی اجارہ داری یقینی بنائی جائے۔
کانگریس نے منگل کے دن الزام عائد کیا کہ نوٹ بندی آزاد ہندوستان کی ”سب سے بڑی منظم لوٹ مار“ تھی۔ اُس نے اس پر مودی حکومت سے وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس نے اپنے ٹویٹر ہینڈل سے ٹویٹ میں کہا کہ 2016 میں آج ہی کے دن مودی حکومت نے من مانی کی تھی۔
اس نے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ ہٹادیئے تھے۔ حکومت‘ ہندوستان کو ڈیجیٹل اور کیش لیس معیشت بنانے کے اپنے مقصد میں ناکام رہی۔ آج عوام کے پاس 30.88 لاکھ کروڑ روپے کی کرنسی ہے جو 2016 کے مقابلہ تقریباً 72 فیصد زیادہ ہے۔