تلنگانہ: حکومت کی نگرانی میں اندرمامکانات کی تعمیر، بلز کی ادائیگی صرف مکمل تصدیق کے بعدکی جائے گی
حکومت نے ہدایت دی ہے کہ استفادہ کنندگان کو لازمی طور پر 400 مربع فٹ یا اس سے زائد رقبہ میں مکانات تعمیر کرنا ہوں گے۔ صرف مکانات کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد ہی بلوں کی ادائیگی کی جائے گی۔

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت اندرمامکانات کی تعمیر کے سلسلہ میں خصوصی احتیاط برت رہی ہے۔ مکانات کی تعمیر اور بلوں کی ادائیگی کے عمل میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگیوں کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکومت نے ہدایت دی ہے کہ استفادہ کنندگان کو لازمی طور پر 400 مربع فٹ یا اس سے زائد رقبہ میں مکانات تعمیر کرنا ہوں گے۔ صرف مکانات کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد ہی بلوں کی ادائیگی کی جائے گی۔
حکومت کو اندرمامکانات کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کی شکایات سامنے آئی تھیں، جس کے پیش نظر ریاستی حکومت اس بار کسی قسم کی بدعنوانی کی گنجائش نہ چھوڑنے کے لئے سخت انتظامات کر رہی ہے۔ اسی مقصد کے لیے ایک خصوصی ایپ بھی متعارف کر وایاگیا ہے۔
حکام فیلڈ میں ایپ کے ذریعہ مکانات کی تصاویر لے کر اپ لوڈ کریں گے۔جب مکانات کی بنیاد رکھی جاتی ہے تو اس وقت کی لوکیشن اور بعد میں مختلف مراحل میں لی گئی تصاویر کی لوکیشن کا میل ہونا ضروری ہے۔ اس کی تصدیق کے بعد ہی بلوں کی ادائیگی ممکن ہوگی۔
اس مقصد کے لئے گرام پنچایت سکریٹریز کو ایک ایپ دیاگیا ہے، جس کے ذریعہ وہ بنیاد رکھے گئے مکانات کی تصاویر لے کر اپ لوڈ کر رہے ہیں۔اب تکنیکی طور پر یہ جانچ کے لئے کہ آیا مکانات مقررہ سائز (400 مربع فٹ) میں تعمیر ہو رہے ہیں یا نہیں، متعلقہ حکام کو خصوصی ایپ فراہم کیاگیا ہے۔
حکام مکمل شدہ بنیاد والے مکانات کا معائنہ کریں گے، ان کی پیمائش کریں گے، اور درست پائے جانے پر تصاویر اپ لوڈ کریں گے۔ ڈیویژنل انجینئرس مکانات کی سوپر چیکنگ کر کے منظوری دیں گے، اور اس کے بعد ہی بلوں کی ادائیگی کی سفارش کی جائے گی۔مقررہ پیمائش پر پورے نہ اترنے والے مکانات کو مسترد کر دیا جائے گا۔
اگر استفادہ کنندگان خامیوں کو دور کر لیں تو دوبارہ معائنہ کر کے منظوری دی جا سکتی ہے۔ایپ میں تفصیلات درج ہونے کے بعد ہی استفادہ کنندگان کو پہلی قسط کی بل کی ادائیگی کی جائے گی۔
یادادری بھونگیر ضلع کے ہوزنگ ڈیارٹمنٹ کے پی ڈی، ایل وجے سنگھ نے بتایا کہ منتخب دیہاتوں میں شروع کئے گئے مکانات کی فیلڈ انسپکشن اور ایپ پر اپ لوڈنگ مکمل ہونے کے بعد ہی بلوں کی ادائیگی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب تک مختلف علاقوں میں 22 مکانات کی بنیادوں کے مرحلہ کی تصاویر ایپ پر اپ لوڈ کی جا چکی ہیں۔ متعلقہ استفادہ کنندگان کو پہلی قسط کی ادائیگی جلد ہی شروع کرنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔