شمالی بھارت

 نپور شرما کے قتل کی ذمہ داری،یوپی میں مشتبہ دہشت گرد گرفتار

یوپی پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (یوپی اے ٹی ایس) کی اطلاع کے مطابق 25 سالہ دہشت گرد براہ راست جیش محمد اور تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ ربط میں تھا۔

لکھنؤ: بی جے پی لیڈر نپور شرما کو قتل کرنے کی ذمہ داری رکھنے والے جیش محمد کے ایک دہشت گرد کو یوپی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پیغمبر اسلامﷺ کے بارے میں نازیباتبصروں کے بعد نپورشرما کو بی جے پی ترجمان کے عہدہ سے ہٹادیا گیا تھا۔ اس کے تبصروں کے سبب ہندوستان اور خلیجی ممالک میں شدید احتجاج بھڑک اٹھا تھا۔

 اس دہشت گرد کی یوپی کے موضع کنڈا کلا کے ساکن محمد ندیم کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے۔ یوپی پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (یوپی اے ٹی ایس) کی اطلاع کے مطابق 25 سالہ دہشت گرد براہ راست جیش محمد اور تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ ربط میں تھا۔

 یوپی اے ٹی ایس کو اطلاع ملی تھی کہ سہارنپور کا ایک شخص جو جیش اور تحریک طالبان پاکستان کے نظریات سے متاثر ہے، ایک فدائین حملہ کی تیاری کررہا ہے۔ محمد ندیم اسلحہ چلانے کی ٹریننگ حاصل کرنے پاکستان کا سفر کرنے تیار تھا۔ اُس کے فون ریکارڈس اور پیامات سے اس بات کا پتہ چلا ہے۔

 اس کے قبضہ سے ایک موبائل فون برآمد ہوا ہے جس میں ایک پی ڈی ایف دستاویز بعنوان ”فدائی فورس کیلئے دھماکو کورس“ برآمد ہوا ہے۔ اے ٹی ایس نے بتایا کہ جیش اور تحریک طالبان کے ساتھ چیاٹنگ اور وائس میسجس بھی ندیم کے فون سے برآمد ہوئے ہیں۔

دہشت گرد تنظیموں نے اسے ورچول فون نمبرس تخلیق کرنے کی تربیت دی ہے۔ ایک پاکستانی شخص سیف اللہ اسے سرکاری عمارتوں اور پولیس فورسس پر فدائن حملے کرنے کی تربیت دے رہا تھا۔ اس دہشت گرد سے کہا گیا تھا کہ وہ خصوصی تربیت کیلئے پاکستان کا سفر کرے۔

 دہشت گرد نے اس کیس میں اپنے ہندوستانی ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ندیم، واٹس ایپ، ٹیلی گرام، فیس بک میسنجر، کلب ہاؤس اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے ذریعہ دہشت گرد گروپس کے ساتھ ربط میں تھا۔