کھیل

نیوزی لینڈ کی مسلسل چوتھی جیت

میان آف دی میاچ گلین فلپس‘ اوپنر ول ینگ اور کپتان ٹام لیتھم کی نصف سنچریوں کی مدد سے نیوزی لینڈ نے ورلڈکپ کے ایک میاچ میں افغانستان کو 149 رنوں کے بھاری فرق سے شکست دے دی۔

چینائی: میان آف دی میاچ گلین فلپس‘ اوپنر ول ینگ اور کپتان ٹام لیتھم کی نصف سنچریوں کی مدد سے نیوزی لینڈ نے ورلڈکپ کے ایک میاچ میں افغانستان کو 149 رنوں کے بھاری فرق سے شکست دے دی۔

یہ نیوزی لینڈ کی مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔ کیوی ٹیم اب 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر پہنچ چکی ہے۔ افغانستان کو جیت کیلئے 289 رنوں کی ضرورت تھی تاہم پوری ٹیم 34.4 اوورس میں محض 139 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کیلئے نمبر 3 پر بیاٹنگ کرنے والے رحمت شاہ نے سب سے زیادہ 36 رن بنائے جبکہ دیگر قابل ذکر اسکور کرنے والوں میں عظمت اللہ 27‘ ابراہیم زدران 14 اور گرباز 11 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اکرام علی کھل 19 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

دیگر کوئی بھی کھلاڑی دوہرے ہندسے کو عبور نہیں کرپایا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور لوکی فرگوسن نے 3,3‘ ٹرینٹ بولٹ نے 2 جبکہ میاٹ ہنری اور رویندر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے تین نصف سنریوں کی مدد سے 288 رن بنائے۔

کیوی ٹیم نے ایک موقع پر محض 110 رن پر اپنے 4 وکٹ گنوادیئے تھے تاہم گلین فلپس اور کپتان ٹام لیتھم نے پانچویں وکٹ کیلئے 144 رنوں کی شراکت داری کے ذریعہ ٹیم کو قابل دفاع اسکور تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔

فلپس 80 گیندوں میں چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 71 جبکہ لیتھم 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر ول ینگ نے 54‘ کانوے 20 اور راچین رویندرا 32 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

مارک چاپ مین 25 اور سینٹنر 7 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی جانب سے نوین الحق اور عظمت اللہ نے 2,2 جبکہ مجیب الرحمن اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کا آئندہ مقابلہ اتوار 22 اکتوبر کو میزبان ہندوستان سے جبکہ افغانستان کا آئندہ مقابلہ پیر 23 اکتوبر کو پاکستانی ٹیم سے ہوگا۔