حیدرآباد

وویکا نندا ریڈی قتل کیس، سی بی آئی کی تحقیقات کی مہلت ختم

آندھرا پردیش کے سابق وزیر وائی ایس وویکا نندا ریڈی کے قتل کی تحقیقات مکمل کرنے سپریم کورٹ کی جانب سے سی بی آئی کو دی گئی قطعی مہلت آج ختم ہورہی ہے۔

حیدرآباد: آندھرا پردیش کے سابق وزیر وائی ایس وویکا نندا ریڈی کے قتل کی تحقیقات مکمل کرنے سپریم کورٹ کی جانب سے سی بی آئی کو دی گئی قطعی مہلت آج ختم ہورہی ہے۔

اس کے پیش نظر یہ تجسس پایا جاتا ہے کہ اس 4سال قدیم سنسنی خیز کیس میں سی بی آئی کیا فیصلہ لے گی۔توقع ہے کہ مرکزی ایجنسی 3جولائی کو سپریم کورٹ میں موقف رپورٹ پیش کرے گی اور تحقیقات مکمل کرنے کیلئے مزید مہلت طلب کرے گی۔

باور کیا جاتا ہے کہ سپریم کورٹ اُسی دن وویویکا نندا ریڈی کی دخترسنیتا ریڈی کی درخواست کی سماعت بھی کرے گا جس کے ذریعہ کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ وائی ایس اویناش ریڈی کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے دی گئی پیشگی ضمانت منسوخ کرنے کی گذارش کی گئی ہے۔

سی بی آئی، اویناش ریڈی کے والد وائی ایس بھاسکر ریڈی اور چند دیگر افراد کے خلاف ضمنی چارج شیٹ بھی داخل کرسکتی ہے۔سی بی آئی نے 14اپریل کو بھاسکر ریڈی کے مدد گار کو گرفتار کیا تھا جبکہ 16 اپریل کو بھاسکر ریڈی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ دونوں فی الحال عدالتی تحویل میں ہیں۔ قبل ازیں تحقیقات کی تکمیل کیلئے دی گئی قطعی مہلت 30 اپریل کو ختم ہوگئی تھی لیکن سی بی آئی کی درخواست پر سپریم کورٹ نے اس میں مزید 2ماہ کی توسیع کی تھی۔

یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آیا سی بی آئی اس کیس کے اصل ملزم ایرا گنگی ریڈی کو یکم جولائی کو ضمانت پر رہا کرتی ہے یا نہیں۔27اپریل کوتلنگانہ ہائی کورٹ نے اس کی ضمانت منسوخ کردی تھی۔

a3w
a3w