ویراٹ کوہلی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 15 ویں نمبر پر
پاکستان کے اوپنر محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
دبئی: ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے ایشیا کپ 2022 میں شاندار کارکردگی کی بدولت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی 20 رینکنگ میں 15ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
چہارشنبہ کو جاری کردہ آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 14 درجہ کی بہتری کی ہے اور 599 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ 15ویں نمبر پر ہیں۔
کوہلی نے ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف تقریباً تین سال کے وقفے کے بعد (1020 دن کے بعد) سنچری بنائی۔ انہوں نے ایشیا کپ کے پانچ میچوں میں مجموعی طور پر 276 رن بنائے جس میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔
پاکستان کے اوپنر محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ٹی 20 گیند بازوں کی درجہ بندی میں بھونیشور کمار چار مقام چڑھ کر ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بھونیشور ایشیا کپ کے پانچ میچوں میں 10.45 کی اوسط سے 11 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز تھے۔
انہوں نے افغانستان کے خلاف اپنے کیریئر کی بہترین کارکردگی میں چار رن کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ دریں اثنا سری لنکا کے آل راؤنڈر وینندو ہسرنگا ٹی ٹوئنٹی گیندبازوں کی فہرست میں چھٹے اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ ہسرنگا نے ایشیا کپ میں مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں اور سری لنکا کو ٹورنامنٹ جتانے میں ان کی گیندبازی نے اہم کردار ادا کیا۔
کوہلی کے ہم وطن لوکیش راہل (سات مقام چڑھ کر 23 ویں نمبر پر) اور سری لنکا کے اسٹار بلے باز بھانوکا راج پکسے (68 ویں سے 34 ویں نمبر پر) نے بھی ٹی 20 بلے بازوں کی درجہ بندی میں سبقت حاصل کی ہے۔