ویڈیو : گائے کے ذبیحہ میں ملوث افراد کو ہلاک کردیا جائے: گیان دیو آہوجا
بی جے پی لیڈر گیان دیوآہوجا نے ایک ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ”ذبیحہ گاؤ میں ملوث کسی بھی شخص کو ہلاک کردو“۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک 5 لوگوں کو پیٹ پیٹ کر ختم کیا ہے چاہے وہ لاونڈی ہو یا بہرور۔
جئے پور: بی جے پی لیڈر گیان دیوآہوجا نے ایک ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ”ذبیحہ گاؤ میں ملوث کسی بھی شخص کو ہلاک کردو“۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک 5 لوگوں کو پیٹ پیٹ کر ختم کیا ہے چاہے وہ لاونڈی ہو یا بہرور۔
انہوں نے ضلع الور میں رکبرخان اور پہلو خان کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سابق رکن اسمبلی یہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے تمام ورکرس کو کھلی چھوٹ دی ہے کہ وہ کسی کو بھی ہلاک کرسکتے ہیں۔ ہم انہیں بری کرائیں گے اور ان کی ضمانت حاصل کریں گے۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153A کے تحت کیس درج کرلیا گیا ہے اور فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بی جے پی کے الور یونٹ نے کہا ہے کہ یہ ان کے اپنے خیالات ہیں۔ پارٹی ایسا نہیں سوچتی۔ بی جے پی الور ساؤتھ کے صدر سنجے سنگھ نروکا نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔
بہرحال گیان دیو آہوجا نے جو رام گڑھ کے رکن اسمبلی تھے، اپنے موقف کی مدافعت کی ہے اور کہا ہے کہ گائے اسمگلنگ اور ذبیحہ میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔ بعد میں انہوں نے اپنے بیان میں تھوڑی سی تبدیلی کی اور کہا کہ میں نے 5 میو مسلمانوں کے بارے میں یہ بات کہی تھی جو گائیوں کی اسمگلنگ کررہے تھے۔
ہمارے کارکنوں نے انہیں مارپیٹ کی۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ وہ مقامی آرایس ایس قائد کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے جس نے یہ کہا تھا کہ چرنجی لال سینی نامی شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کئے جانے کے خلاف احتجاج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میو مسلمان گائیوں کی اسمگلنگ کرتے ہیں اور انہیں ذبح کرتے ہیں۔
ہندولوگ گائیوں کیلئے جذبات رکھتے ہیں لہٰذا ان اسمگلروں کو نشانہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ورکرس کا تحفظ کرنا ان کا فرض ہے۔ راجستھان کانگریس کے صدر گووند سنگھ دوتا سرا نے یہ ویڈیو ٹویٹر پر شیئر کیا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مذہبی دہشت گردی اور کٹرپٹن کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوسکتا ہے۔ بی جے پی کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ رام گڑھ کے سابق رکن اسمبلی قتل کے جن دو واقعات کا حوالہ دے رہے تھے وہ اپریل 2017 اور جولائی 2018 میں پیش آئے تھے۔ رام گڑھ کے موضع راونڈی میں رکبر خان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا گیا تھا جبکہ بہرور میں پہلو نامی شخص کو زدوکوب کرتے ہوئے ختم کردیا گیا تھا۔