یوروپ

پرنس چارلس نے اسامہ کے بھائیوں سے 10لاکھ پاؤنڈ لیے تھے

لندن: برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ شہزادہ چارلس نے اپنے خیراتی ادارے کے لیے 2013 میں اسامہ بن لادن کے دو سوتیلے بھائیوں سے ایک ملین (10 لاکھ) پاونڈ فنڈز قبول کیے تھے۔

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز نے اپنی خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ شہزادہ چارلس نے اپنے خیراتی ادارے کے لیے اسامہ بن لادن کے خاندان سے 10 لاکھ پاونڈ عطیہ قبول کیا تھا جس پر شہزادہ چارلس کو خبردار بھی کیا گیا تھا کہ اس کا بہت خطرناک عوامی ردّ ِعمل سامنے آئے گا۔

کلیرنس ہاؤس نے سنڈے ٹائمز کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اخبار نے اپنے مضمون میں چند حقائق کو نظر انداز کیا، جیسے اسامہ بن لادن سے ان کے اہل خاندان نے قطع تعلق کرلیا تھا اور چندہ دینے والے دونوں سوتیلے بھائیوں کا اسامہ بن لادن کی سوچ اور سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں تھا اس لیے یہ فیصلہ بالکل درست اور آئین کے مطابق تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسامہ کے سوتیلے بھائیوں بکر بن لادن اور شفیق بن لادن سے چندہ قبول کرنے کا فیصلہ پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس کے چیریٹیبل کے ٹرسٹیز نے کیا جس میں شہزادہ چارلس کی رائے یا مشاورت شامل نہیں تھی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کا ایک اور فنڈ ریزنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا جس میں شہزادے پر فنڈز کی بھاری رقوم قطر سے بغیر کسی احتیاط کے ساتھ لانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔