مشرق وسطیٰ

امارات میں دوران ڈرائیونگ کھانے پینے پر 800 درہم جرمانہ

متحدہ عرب امارات کے محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ گاڑی چلاتے وقت کھانا پینا، میک اپ کرنا اور موبائل فون کا استعمال ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اس پر 800 درہم جرمانہ ہے۔

ابو ظبی: متحدہ عرب امارات کے محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ گاڑی چلاتے وقت کھانا پینا، میک اپ کرنا اور موبائل فون کا استعمال ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اس پر 800 درہم جرمانہ ہے۔

الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی پولیس نے ڈرائیوروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی چلاتے وقت ایسا کوئی بھی کام جس سے ڈرائیور کی توجہ سڑک سے ہٹتی ہو ٹریفک خلاف ورزی ہے۔ توجہ ہٹنے کی صورت میں حادثات ہوتے ہیں۔

اسی وجہ سے کھانے پینے، سگریٹ نوشی اور میک اپ وغیرہ میں لگ جانا خلاف ورزی کے زمرہ میں آتا ہے۔ اس پر 800 درہم جرمانہ اور4 پوائنٹ کی کٹوتی ہے۔

اماراتی محکمہ ٹریفک ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنے یا سڑک سے توجہ ہٹانے والی مختلف مصروفیات پر ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرچکا ہے۔ریاست میں بیشتر ٹریفک حادثات سڑک سے توجہ ہٹ جانے کی وجہ سے ہوئے۔