حیدرآباد

ڈاکٹر پنڈت ساگر ترپاٹھی کو بزم رحمت عالم کا انٹرنیشنل پیس ایوارڈ

ڈاکٹر پنڈت ساگر ترپاٹھی نے اپنے مخصوص انداز میں بارگاہ رسالت مآب صلی علیہ و سلم میں ہدیہ نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا اور ایک سماں باندھ دیا۔

حیدراباد: کل ہند بزم رحمت عالم نہ صرف شہر حیدراباد بلکہ قومی سطح پر ایک بہترین نظم کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہیں وہ ہر سال ایک غیر مسلم کا انتخاب کرتے ہوئے اسے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر رحمت عالم پیس ایوارڈ سے نوازتی ہے۔

متعلقہ خبریں
17 / ستمبر کے دن سیاسی جلسوں پر پابندی: تلنگانہ گورنمنٹ
ایم بی ٹی کا جلسہ رحمۃ للعٰلمینﷺ، گدی نشین اجمیر شریف مہمان خصوصی ہوں گے
کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا جشن میلاد النبیؐ

ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی محمد صلاح الدین نظامی امام و مسجد درگاہ حضرت برہنہ شاہ صاحب رحمت اللہ علیہ نے بزم رحمت عالم کے جلسہ پیس ایوارڈ سے خواجہ منشن مانصاحب میں کیا۔

جلسہ کا آغاز قرآت کلام پاک سے ہوا۔جلسے کی صدارت صدر بزم جناب ایم اے مجیب سینیئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ نے کی۔مولانا نے س سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بزم رحمت عالم تعارف محتاج نہیں ہے وہ ہر سال شہر میں پابندی سے چھ جلسے کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سے سارے جہاں میں روشنی ہی روشنی پھیل گئی تاریکی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو گیا۔مولانا متین علی شاہ قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سارے عالم کے لیے نبی بنا کر مبعوث فرمائے گئے اپ کی تعلیمات ہر ایک کے لیے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دین وہ دنیا میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن خوشیوں کا دن ہے کیونکہ آج ہی کے دن اپ کے اور ہمارے آقا اس دنیا میں تولد ہوئے۔مولانا متین علی شاہ قادری نے کہا کہ اگر آج ہمیں کامیابی حاصل کرنا ہے تو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا اور پنج وقتہ نمازوں کی پابندی کے ساتھ ساتھ اپنے اخلاق سے دوسروں کو متاثر کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کو برادران وطن تک پہنچانے کی آج سخت ضرورت ہے۔صدر بزم رحمت عالم جناب ایم اے مجیب سینیئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ آج کے دن ایک ساتھ عید میلاد النبی اور گنیش تہوار کاآنا اور مسلمان جلسہ اور جلوس نکالنے سے دوری اختیار کرتے ہوئے ہندو بھائیوں کو جلوس نکالنے کی اجازت دینا یہ اسلامی تعلیمات کا ہی نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ہمیشہ سے امن کا علمبردار رہا ہے اور وہ امن چاہتا ہے اسی لیے اج کے دن مسلمانوں نے عید میلاد کے جلوس کو ملتوی کرتے ہوئے یکم اکتوبر کو کر دیا ہے تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رہے اور ہندو بھائی گنیش جلوس نکال سکے۔انہوں نے کہا کہ بزم رحمت عالم روز اول سے ہی مسلمانوں کے دلوں کو منور کرنے کے لئے حضور اکرم صلی علیہ و سلام کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے ایسے جلسوں کا اہتمام کررہی ہے۔

جناب ایم ایم مجیب سینیئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ اور مولانا متین علی شاہ قادری کے ہاتھوں ڈاکٹرپنڈت ساگر ترپاٹھی کو بزم رحمت عالم انٹرنیشنل پیس ایوارڈ سے نواز اگیا۔جلسہ کا اغاز محمد علا الدین زکی کی قرات کلام پاک سے ہوا۔سرفراز بختیاری اور رفیع الدین صدیقی نے نعت شریف پیش کی۔

ڈاکٹر پنڈت ساگر ترپاٹھی نے اپنے مخصوص انداز میں بارگاہ رسالت مآب صلی علیہ و سلم میں ہدیہ نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا اور ایک سماں باندھ دیا۔

محمد مصطفی خان قادری نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور مولانا وسیم احمد اسدی قادری شمیمی اور حافظ محمد ساجد احمد قادری نے انتظامات میں حصہ لیا۔