دہلی

کانگریس آج بھی ریموٹ کنٹرول سے چل رہی ہے: غلام نبی آزاد

سینئر سیاستداں اور سابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد کا ماننا ہے کہ کانگریس آج بھی ”ریموٹ کنٹرول“ سے چل رہی ہے۔ انہوں نے ”ناتجربہ کار خوشامدیوں کے نئے ٹولہ“پر جم کر تنقید کی جو پارٹی کو چلارہاہے۔

نئی دہلی: سینئر سیاستداں اور سابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد کا ماننا ہے کہ کانگریس آج بھی ”ریموٹ کنٹرول“ سے چل رہی ہے۔ انہوں نے ”ناتجربہ کار خوشامدیوں کے نئے ٹولہ“پر جم کر تنقید کی جو پارٹی کو چلارہاہے۔

اپنی کتاب ”آزاد۔ این آٹو بائیوگرافی“ کے اجراء سے قبل کانگریس کے سابق سینئر قائد نے جنہوں نے گزشتہ برس کانگریس چھوڑی تھی‘ اپنے سابق ساتھیوں کے ساتھ اختلافات پر تبصرہ سے انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ میں ماضی کو جتنا کھودوں گا اتنی ہی تلخیاں بڑھیں گی اور میں اس میں پڑنا نہیں چاہتا کیونکہ میں پارٹی چھوڑ چکا ہوں۔ ریاست ِ جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر اور راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن رہ چکے غلام نبی آزاد نے کہا کہ وہ جواہر لال نہرو‘ اندرا گاندھی‘ سنجے گاندھی‘ راجیو گاندھی اور سونیا گاندھی کا بڑا احترام کرتے ہیں لیکن انہوں نے مانا کہ راہول گاندھی سے ان کے سیاسی اختلافات تھے۔

ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی(ڈی پی اے پی) کے سربراہ نے کہا کہ فردکے ناطہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ راہول گاندھی خراب آدمی ہیں۔

وہ اچھے انسان ہیں۔ میں اب کانگریس میں نہیں رہا لہٰذا میں انہیں یہ کہنے والا کون ہوتا ہوں کہ ان کے لئے کیا صحیح ہے کیا غلط۔ میں صرف نیک تمناؤں کا اظہار کرسکتا ہوں۔ راہول گاندھی اب کسی عہدہ پر نہیں ہے لیکن ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ کانگریس کے جہاز کے کپتان ہیں۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ پارٹی میں ان ہی کی چلتی ہے۔