دہلی

تحقیقاتی ایجنسیوں کے من مانی استعمال کیخلاف درخواست سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار

اپوزیشن لیڈروں کے خلاف مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کے من مانی استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے اور مستقبل کے لیے رہنمایانہ خطوط جاری کرنے کانگریس زیرقیادت 14 پارٹیوں کی درخواست کی سماعت سے سپریم کورٹ نے آج انکار کردیا۔

نئی دہلی: اپوزیشن لیڈروں کے خلاف مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کے من مانی استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے اور مستقبل کے لیے رہنمایانہ خطوط جاری کرنے کانگریس زیرقیادت 14 پارٹیوں کی درخواست کی سماعت سے سپریم کورٹ نے آج انکار کردیا۔

چیف جسٹس ڈی وائی چندرا چوڑ اور جسٹس جے پی پاردی والا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ کسی کیس کے حقائق کے بغیر رہنمایانہ خطوط مدوّن کرنا خطرناک ہوگا۔ درخواست پر غور کرنے سے عدالت ِ عظمیٰ کی بے رغبتی محسوس کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ اے ایم سنگھوی نے سیاسی پارٹیوں کی پیروی کرتے ہوئے درخواست سے دستبرداری کی اجازت طلب کی۔

بنچ نے حکم جاری کیا کہ معزز وکیل نے اس مرحلہ میں درخواست سے دستبرداری کی اجازت طلب کی ہے، لہٰذا دستبرداری قرار دیتے ہوئے درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

بنچ نے کہا کہ کوئی انفرادی فوجداری کیس یا گروپ کیسوں کا سامنا ہو تو وہ عدالت سے رجوع ہوسکتے ہیں۔