کانگریس کی تلنگانہ کی دوسری فہرست میں اظہر الدین شامل
کانگریس نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لیے 45 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کرتے ہوئے سابق کرکٹر محمد اظہر الدین کو میدان میں اتارا ہے۔
نئی دہلی: کانگریس نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لیے 45 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کرتے ہوئے سابق کرکٹر محمد اظہر الدین کو میدان میں اتارا ہے۔
یہ معلومات دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعہ کو کہا کہ پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی نے دوسری فہرست میں اعلان کردہ امیدواروں کے ناموں کو منظوری دی ہے۔
پارٹی نے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کو جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ سے میدان میں اتارا ہے۔ پارٹی نے لال بہادر نگر سے سینئر لیڈر اور سابق لوک سبھا ممبر مدھو گوڑ یاسکھی کو ٹکٹ دیا ہے۔
کانگریس 15 اکتوبر کو ریاستی اسمبلی انتخابات کے لیے 55 امیدواروں کی پہلی فہرست کا اعلان کرچکی ہے۔
تلنگانہ کی 119 رکنی اسمبلی میں ووٹنگ 30 نومبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کوکی جائے گی۔ ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں اہم مقابلہ بھارت راشٹرا سمیتی، بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کے درمیان ہونے کی امید ہے۔