کجریوال نے چیف منسٹر آسام کو لنچ پر مدعو کیا
چیف منسٹر آسام ہیمنت بسواشرما نے چند دن قبل اپنے دہلی کے ہم منصب اروندکجریوال کو ہتک عزت مقدمہ کی دھمکی دی تھی۔
گوہاٹی: چیف منسٹر آسام ہیمنت بسواشرما نے چند دن قبل اپنے دہلی کے ہم منصب اروندکجریوال کو ہتک عزت مقدمہ کی دھمکی دی تھی۔
عام آدمی پارٹی سربراہ اتوار کے دن گوہاٹی پہنچے اور انہوں نے بی جے پی قائد کو دہلی میں اپنی قیام گاہ پر چائے پرمدعوکیا۔
اروندکجریوال نے کہا کہ شرما نے جودھمکی دی وہ کسی چیف منسٹر کو زیب نہیں دیتی۔ شرما نے کہاتھا کہ کجریوال کو 2اپریل کو گوہاٹی آکر یہ کہنے دیجئے کہ میں کرپٹ ہوں۔
اس کے دوسرے دن میں ان کے خلاف ہتک عزت کیس کردوں گا جیسا کہ میں نے منیش سسوڈیا کے خلاف کیاتھا۔ کہاجاتا ہے کہ اروندکجریوال نے دہلی اسمبلی میں کہاتھا کہ شرما کے خلاف کیسس ہیں۔
چیف منسٹردہلی نے گوہاٹی کے لوک پریہ گوپی ناتھ بورڈولوئی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر لینڈنگ کے فوری بعدکہا کہ آسام کے لوگ بڑے اچھے ہیں۔ وہ اپنے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہیمنت بسواشرماکو ان سے سیکھناچاہئیے۔
پنجاب کے چیف منسٹر بھگونت مان بھی کجریوال کے ساتھ گوہاٹی آئے ہیں۔ اروندکجریوال نے کہا کہ میں شرما کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ دہلی آئیں اور میرے مکان میں چائے پیئیں اور لنچ کریں۔ میں انہیں شہر دہلی بھی گھماؤں گا۔
کجریوال نے کہا کہ شرما نے مجھے جیل میں ڈال دینے کی دھمکی دی تھی۔ ایسی دھمکی دینا چیف منسٹر کو زیب نہیں دیتا۔