کرناٹک میں محمد فاضل کا بے رحمانہ قتل (ویڈیو وائرل)
مہلوک کی شناخت محمد فاضل کے نام سے ہوئی ہے جس پر نوجوانوں کے گروپ نے مہلک ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ سی آرپی سی کی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام نافذ کردیئے گئے ہیں۔
بنگلورو: کرناٹک کے منگلورو میں آج شام نامعلوم حملہ آوروں نے ایک شخص کو بار بار چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا۔ میڈیا کی اطلاع کے مطابق جمعرات کو کرناٹک کے منگلورو کے مضافاتی علاقہ سورتھکل میں حملہ آوروں کے ایک نامعلوم گروپ نے اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کا مبینہ طور پر گلا کاٹ کر قتل کردیا۔
ایک خبررساں ایجنسی نے پولیس کمشنر کے حوالہ سے بتایا کہ مہلوک کی شناخت محمد فاضل کے نام سے ہوئی ہے جس پر نوجوانوں کے گروپ نے مہلک ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ سی آرپی سی کی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام نافذ کردیئے گئے ہیں۔
منگلورو کے پولیس سربراہ ششی کمار نے بتایا کہ یہ ایک انتہائی حساس علاقہ ہے اسی لئے سورتھکل اور دیگر تین پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام نافذ کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فاضل اپنے ایک واقف کار سے بات چیت کررہا تھا اُسی وقت حملہ آور کار سے باہر نکلے اور اس کی طرف دوڑے۔ اس گلی کے سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا ہے کہ ان کے چہرے سیاہ رنگ کے نقاب سے ڈھکے ہوئے تھے اور ایک کپڑے کی دکان کے باہر اس شخص پر حملہ کیا گیا۔
اسے لکڑی سے بار بار مارا گیا اور پھر چاقو گھونپا گیا۔ اس کے نیچے گر جانے کے بعد کپڑے کی دکان کا ایک مجسمہ اس پر گرپڑا اور اس کے باوجود وہ لوگ اسے مارتے رہے۔ ملزمین کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ حملہ کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا۔