کھیل

کوہلی‘ ایشیاء کپ میں اوپننگ کرسکتے ہیں:پارتھیو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کوہلی کی فارم کے حوالہ سے کافی عرصہ سے بحث جاری ہے۔ وہ دورہ انگلینڈ کے دوران اپنی خراب فام کی وجہ سے ناقدین کا نشانہ بنے تھے۔

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کوہلی کی فارم کے حوالہ سے کافی عرصہ سے بحث جاری ہے۔ وہ دورہ انگلینڈ کے دوران اپنی خراب فام کی وجہ سے ناقدین کا نشانہ بنے تھے۔

اس کے بعد انہیں ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے خلاف آرام دینے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اب ایشیا کپ میں ان کی واپسی کی بات ہورہی ہے اور سابق وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل کا ماننا ہے کہ وہ کپتان روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کرتے نظر آسکتے ہیں۔

پارتھیو نے کہاکہ ویراٹ کوہلی کی صلاحیت پر کسی بھی طرح سے کوئی شک نہیں ہے، صرف ان کی فارم کی بات کی جارہی ہے، یہ صرف اس بات کی ہے کہ آپ انہیں کس بیٹنگ آرڈر سے کھیلنا چاہتے ہیں، اسی لیے ایشیا کپ بہت اہم ہو جاتا ہے۔

نہ صرف کوہلی بلکہ ہندوستان کیلئے بھی کہ آیا ٹیم اپنا صحیح کمبی نیشن تلاش کرنے میں کامیاب ہے یا نہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے ریگولر ٹی ٹوئنٹی اوپنر کے ایل راہول انڈین پریمیر لیگ کے بعد سے انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔

انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں کپتانی سونپی گئی تھی لیکن وہ انجری کی وجہ سے دستبردار ہوگئے تھے۔ انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹیم میں جگہ دی گئی تھی لیکن کورونا انفیکشن کی وجہ سے وہ اس سیریز سے بھی باہر ہوگئے تھے۔

میں امتزاج کے بارے میں بات کرتا رہتا ہوں کیونکہ یہ ایک چیز ہے جو بہت اہم ہونے والی ہے۔ آپ شاید ویراٹ کوہلی کو ایشیا کپ میں روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں کیونکہ راہول ابھی فٹ نہیں ہیں۔ ہندوستانی ٹیم نے بہت کوشش کی ہے۔ انہوں نے اس سیریز کے دوران ایشان کشن، رشبھ پنت اور سوریہ کمار یادو کو آزمایا۔