شمالی بھارتسوشیل میڈیا

دلت کی برات پر اعلیٰ ذات والوں کا حملہ دولہا زخمی (ویڈیو)

آگرہ کے تلفی علاقہ میں شادی کی بارات کے دوران ایک دلت دولہے کو ”اونچی ذات“ والوں کے ایک گروپ نے زدوکوب کیا۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی۔

آگرہ(یوپی) (پی ٹی آئی) آگرہ کے تلفی علاقہ میں شادی کی بارات کے دوران ایک دلت دولہے کو ”اونچی ذات“ والوں کے ایک گروپ نے زدوکوب کیا۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ میں کئی باراتی بھی زخی ہوئے۔

ناگلہ تلفی کی رہائشی انیتا کی درج کردہ شکایت کے مطابق یہ واقعہ کل شام اس وقت پیش آیا جب اس کی بیٹی کی شادی کی بارات متھرا سے یہاں پہنچی۔

شکایت میں کہا گیا کہ یہاں سے کچھ فاصلے پر واقع شادی خانہ میں شادی مقرر تھی۔ ڈی جے موسیقی کے ساتھ جیسے ہی بارات آگے بڑھی ”اونچی ذات“ کے افراد کا ایک گروپ لاٹھیوں اور ڈنڈوں کے ساتھ پہنچا اور دولہے کے علاوہ دیگر باراتیوں پر حملہ کردیا۔

حملے کے سبب شادی خانہ میں شادی کی رسومات ادا نہیں کی جاسکیں۔ انیتا نے شکایت میں مزید کہا کہ شادی خانہ کے بجائے اس کے مکان میں شادی کی رسومات ادا کی گیں۔

اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آر کے رائے نے بتایا کہ زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے اور کیس درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ 9 معلوم افراد اور 20 نامعلوم افراد کے خلاف ایک ایف آئی آر بھی درج کیا گیا ہے۔