تلنگانہ

کے سی آر نیوٹریشن کٹ پروگرام کا آغاز

وزیر ہریش راؤ نے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی اور وزیر ویمولا پرشانت ریڈی کے ساتھ کاماریڈی ضلع کلکٹریٹ میں ورچول طریقہ کار کے ذریعہ ”کے سی آر نیوٹریشن کٹ“ اسکیم کا آغاز کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ ”کے سی آر نیوٹریشن کٹ“ کو حاملہ خواتین کو ذہن میں رکھ کر تیارکیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کٹس کا بنیادی مقصد حاملہ خواتین کو خون کی کمی سے بچانا ہے۔ صرف حاملہ ماؤں کو یہ کٹ استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

 وزیر ہریش راؤ نے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی اور وزیر ویمولا پرشانت ریڈی کے ساتھ کاماریڈی ضلع کلکٹریٹ میں ورچول طریقہ کار کے ذریعہ ”کے سی آر نیوٹریشن کٹ“ اسکیم کا آغاز کیا۔انہوں نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین میں خون کی کمی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو نے غریب خواتین کے بارے میں سوچ کر یہ کٹ تیار کروائی ہے۔ ماں اور بچے کے صحت مند ہونے کے لیے نیوٹریشن کٹ فراہم کی جارہی ہیں۔ اس میں پروٹین کی خوراک ہوتی ہے۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ ان کٹس کا مقصد پروٹین، معدنیات اور وٹامنز سے بھرپور غذائیت کے ذریعہ خون کی کمی کو کم کرنا اور ہیموگلوبن کے فیصد کو بڑھانا ہے۔

 پہلی کٹ دوسری اے این سی کے دوران 13-27 ہفتوں کے درمیان اور دوسری کٹ 28-34 ہفتوں کے درمیان تیسری اے این سی چیک اپ کے دوران دی جائے گی۔ اس اسکیم سے تقریباً 1.25 لاکھ حاملہ خواتین کو فائدہ ہوگا۔

پہلے مرحلہ میں یہ کٹس 9 اضلاع کے 231 سرکاری مراکز صحت میں تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر عوامی مسائل پر توجہ دیتے ہیں اور ان کو دور کرنے کے اقدامات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ریاست کے ہر گھر کو پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں لڑکیوں کے لیے 551 گروکل اسکولس قائم کیے گئے ہیں۔