کے سی آر کی حکمرانی ریاست کے عوام کیلئے باعث فخر: ہریش راؤ
ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی حکمرانی، ریاست کے عوام کیلئے باعث فخر ہے۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی حکمرانی، ریاست کے عوام کیلئے باعث فخر ہے۔
آج میدک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے سی آر فلاحی اسکیموں کے ذریعہ عوام کے معیار زندگی کو بلند اور ریاست کو ترقیافتہ اور خوشحال بنانے کیلئے مسلسل کوشش کررہے ہیں۔ ان کی کوششوں کے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں۔
راؤ نے کہا کہ یادادری مندر کو عالی شان انداز میں ترقی دی گئی۔ کونڈا گٹو کی قدیم مندر کی تعمیر نو اور علاقہ کی ترقی کیلئے ایک ہزار کروڑ روپے مختص کئے گئے۔ چیف منسٹر، مندروں میں برسر خدمت پنڈتوں، برہمنوں، دیگر ملازمین کی بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ ہندو مذہب کے تحفظ کیلئے حکومت، کوشاں ہے۔ ہرسال بجٹ میں منادر کی ترقی کیلئے رقومات مختص کی جارہی ہیں۔ ہریش راؤ نے حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی اپوزیشن جماعتوں کو ہضم نہیں ہورہی ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کے پاس حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرنے کیلئے کوئی موقع ہاتھ نہیں آرہا ہے اس لئے فلاحی اسکیمات میں نقائص تلاش کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔