گجرات میں بی جے پی کو راون ریمارک سے فائدہ
ریاست میں ایک انتخابی جلسہ کے دوران صدر کانگریس ملیکارجن کھرگے نے وزیراعظم کا تقابل راون کے ساتھ کیا تھا۔ وزیراعظم نے اسے ایک بڑا مسئلہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ یہ الفاظ کھرگے کے منہ میں ٹھونسے گئے ہیں۔
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے کا ”راون“ ریمارک گجرات میں بی جے پی کے حق میں کام کرگیا جس طرح کئی انتخابات میں سونیا گاندھی کے ”موت کا سوداگر“ ریمارک کی گونج سنائی دی تھی۔
ریاست میں کانگریس نے اب تک کا بدترین مظاہرہ کیا ہے اور بی جے پی 2017 کے انتخابات میں دھکا لگنے کے باوجود بہترین مظاہرہ کررہی ہے۔
ریاست میں ایک انتخابی جلسہ کے دوران صدر کانگریس ملیکارجن کھرگے نے وزیراعظم کا تقابل راون کے ساتھ کیا تھا۔ وزیراعظم نے اسے ایک بڑا مسئلہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ یہ الفاظ کھرگے کے منہ میں ٹھونسے گئے ہیں۔
انہوں نے وسطی گجرات کے ضلع پنچ محل کے کالول تعلقہ میں اپنے جلسوں کے دوران کہا کہ کھرگے کو یہ سکھایا گیا ہے کہ وہ میرا تقابل راون کے ساتھ کریں۔
جب کانگریس بھگوان رام میں یقین نہیں رکھتی اور رام سیتو کے وجود کو نہیں مانتی تو پھر رام کے ماننے والوں کی حالت یہ ہے کہ ان پر ایسے الزام عائد کئے جاتے ہیں جو عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔