یوروپ

نیوکلیر جنگ کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے: ولادیمیر پوٹین

روسی صدر ولادیمیر پوٹین نے کہا ہے کہ نیوکلیر جنگ کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے تاہم زور دے کر کہا کہ ماسکو ”پاگل نہیں ہوا ہے“ اور اپنے نیوکلیر ہتھیاروں کا پہلے استعمال نہیں کرے گا۔

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوٹین نے کہا ہے کہ نیوکلیر جنگ کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے تاہم زور دے کر کہا کہ ماسکو ”پاگل نہیں ہوا ہے“ اور اپنے نیوکلیر ہتھیاروں کا پہلے استعمال نہیں کرے گا۔

روس کے سالانہ انسانی حقوق کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوکرین میں جاری جنگ ایک طویل عمل بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا خطرہ بڑھتا جارہا ہے اور اسے چھپانا غلط ہوگا تاہم انہوں نے زور دیا کہ روس کسی بھی صورتِ حال میں اپنے نیوکلیر ہتھیاروں کا پہلے استعمال نہیں کرے گا اور کسی کو بھی نہیں ڈرائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاگل نہیں ہوئے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ نیوکلیر ہتھیار کیا ہیں۔ ہم کسی ریزر کی طرح یہ ہتھیار دکھاتے ہوئے دنیا میں دوڑ نہیں لگائیں گے۔

صدر روس نے دعویٰ کیا کہ روس کے پاس دنیا کے انتہائی عصری اور ترقی یافتہ نیوکلیر ہتھیار موجود ہیں۔ انہوں نے روس کی نیوکلیر حکمت عملی کا امریکہ سے تقابل کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ‘ روس کے نیوکلیر ہتھیاروں اور دیگر علاقوں کا پتہ چلاتے ہوئے اس سے آگے نکل چکا ہے۔

ہمارے پاس دوسرے ممالک کی سرزمین پر نیوکلیر ہتھیار نہیں ہیں لیکن امریکہ کے پاس ہیں۔ وہ ترکی اور دیگر کئی یوروپی ممالک میں اپنے نیوکلیر ہتھیار رکھتا ے۔ پوٹین نے اس سے پہلے کہا تھا کہ روس کے نیوکلیر اصولوں کے تحت صرف دفاعی مقاصد کے لئے نیوکلیر ہتھیار استعمال کئے جائیں گے۔