شمالی بھارت
گجرات کے موضع میں گربا پر فرقہ وارانہ جھڑپ
مغربی ریاست گجرات کے اِس ضلع کے موضع اُنڈھیلا میں گربا پر جھگڑے کے بعد دو فرقوں میں جھڑپ میں تقریباً 10 افراد بشمول ایک گرام رکھشک دَل زخمی ہوگئے۔
چند مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ کھیڑہ کے ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس راجیش گادھیا کے بموجب موضع اُنڈھیلا کے مانڈوی چوک میں پیر کی رات گربا جاری تھا۔ عارف اور ظاہر کی قیادت میں ایک گروپ نے اس پر اعتراض کیا۔
دیہاتیوں نے جب گربا روکنے سے انکار کردیا تو ان پر سنگباری کی گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری وہاں پہنچی اور صورتِ حال پر قابو پالیا۔ دیہاتیوں کی نشاندہی پر پولیس نے چند مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔
موضع میں امن کی برقراری کے لئے زائد فورس تعینات کردی گئی ہے۔ گاؤں کے سرپنچ اندراودن پٹیل نے الزام عائد کیا کہ حملہ منصوبہ بند تھا کیونکہ اقلیتی فرقہ کے لوگ نہ صرف لاٹھیوں سے لیس تھے بلکہ انہوں نے مکانوں کی چھتوں پر پتھر بھی جمع کررکھے تھے۔