مشرق وسطیٰ

سعودی عرب میں مزید نئے شہر بسانے ولی عہد کا فیصلہ

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے ترقیاتی منصوبوں کے لئے ڈاؤن ٹاؤن کمپنی قائم کر دی، جس کے تحت مملکت میں نئے شہر اور کثیر المقاصد بستیاں تعمیر کی جائیں گی۔

ریاض: سعودی ولی عہد نے مملکت میں نئے شہر بسانے کے لئے تاریخی قدم اٹھایا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے ترقیاتی منصوبوں کے لئے ڈاؤن ٹاؤن کمپنی قائم کر دی، جس کے تحت مملکت میں نئے شہر اور کثیر المقاصد بستیاں تعمیر کی جائیں گی۔

یہ کمپنی بڑی کاروباری شراکتوں کو فروغ دینے کے لئے قائم کی گئی ہے، تاکہ نئے شہروں کا انفرا اسٹرکچر قائم ہو، اس کے لئے سرمایہ کاروں اور نجی سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

ڈاؤن ٹاؤن کمپنی کے تحت مارکیٹنگ، کاروبار، سیاحت، تفریح اور آباد کاری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع مہیا ہوں گے۔

اس کمپنی کے تحت 12 شہروں میں میگا پروجیکٹس پر کام کیا جائے گا، جن میں مدینہ منورہ، الخبر، الاحسا، بریدہ، نجران، جیزان، حائل، باحہ، عرعر، طائفِ دومتہ الجندل اور تبوک شامل ہیں۔

ان شہروں میں 10 ملین مربع میٹر سے زیادہ رقبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور جدید طرز کے نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ ان نئے منصوبوں کا تصور سعودی عرب کے مختلف علاقوں اور ان کی ثقافت سے لیا جائے گا۔

تعمیراتی کام جدید ترین معیار کے مطابق ہوگا، متعدد شعبوں میں تجربات اور جدید سائنس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔

ان منصوبوں کی وجہ سے مملکت کے مختلف علاقوں کے شہریوں کے لئے روزگار کے بھی مواقع پیدا ہوں گے۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کا مشن ہے کہ مملکت کے تمام علاقوں کو نیا رنگ و روپ دیا جائے۔