بھارت

ہماچل پردیش میں کانگریس اور گجرات میں بی جے پی کو اقتدار (تفصیلی خبر)

کانگریس نے آج ہماچل پردیش بی جے پی سے چھین لیا۔ اس نے اس پہاڑی ریاست کی 68 رکنی اسمبلی میں 35 نشستوں کے اکثریتی نشان کو حاصل کرلیا۔

شملہ: کانگریس نے آج ہماچل پردیش بی جے پی سے چھین لیا۔ اس نے اس پہاڑی ریاست کی 68 رکنی اسمبلی میں 35 نشستوں کے اکثریتی نشان کو حاصل کرلیا۔

تازہ ترین دستیاب نتائج اور رجحانات کے مطابق کانگریس نے 39 نشستیں جیت لی ہیں اور ایک نشست پر سبقت برقرار رکھے ہوئے ہے جبکہ بی جے پی نے 18 نشستوں پر کامیابی درج کرائی اور دیگر 7 پر سبقت حاصل ہے۔ 3 آزاد امیدوار بھی کامیاب ثابت ہوئے۔ عام آدمی پارٹی جس نے 67 نشستوں پر مقابلہ کیا تھا‘ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہی۔

کانگریس قائد راہول گاندھی نے اپنی پارٹی کی فیصلہ کن کامیابی پر ہماچل پردیش کے عوام سے اظہارِ تشکر کیا اور انہیں تیقن دیا کہ پارٹی کی جانب سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کیا جائے گا۔ چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر نے کہا کہ وہ عوام کے خط ِ اعتماد کا احترام کرتے ہیں اور اپنا استعفیٰ گورنر کے حوالہ کردیا۔ گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر نے ان کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔

بی جے پی نے ”راج نہیں‘ رواج بدلے گا“ کا نعرہ دیا تھا لیکن رواج کو تبدیل کرنے میں ناکام رہی۔ واضح رہے کہ ہماچل پردیش نے 1985 کے بعد سے کسی بھی موجودہ حکومت کو ووٹ نہیں دیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پہاڑی ریاست کے عوام کے پیار اور بی جے پی کی تائید پر ان سے اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ ان کی پارٹی ریاست کے عوام کی امنگوں کی تکمیل کے لئے کام کرتی رہے گی اور عوام کے مسائل اٹھاتی رہے گی۔

نئی دہلی/ گاندھی نگرسے موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب بی جے پی نے آج گجرات اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی تاریخی کامیابی کو وزیراعظم نریندر مودی کی ساکھ اور ان کی قیادت پر عوام کے اعتماد سے منسوب کیا۔ پارٹی گجرات میں مسلسل ساتویں میعاد کے لئے اقتدار پر قبضہ برقرار رکھنے بھاری اکثریت سے کامیابی کی طرف گامزن ہے۔

اس نے ریاست میں اب تک کسی بھی اسمبلی انتخاب سے زیادہ نشستیں جیت لی ہیں۔بی جے پی صدر جے پی نڈا نے وزیراعظم نریندر مودی کی قیاد ت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ گجرات انتخابات میں پارٹی کی تاریخی کامیابی ترقی‘ بہتر حکمرانی اور عوامی بہبودکے تئیں وزیراعظم مودی کے پابند ِ عہد ہونے کی جیت ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ گجرات میں مودی جی کی قیادت میں گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران ترقی کے نئے ریکارڈس قائم کئے ہیں اور آج گجرات کے عوام نے بی جے پی کو آشیرواد دیا ہے اور کامیابی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اسے ان لوگوں کا استرداد قراردیا ہے جو کھوکھلے وعدوں‘ مفت اشیاء اور خوشامد کی سیاست کرتے ہیں۔ شاہ نے سلسلہ وار ٹویٹر پیامات میں کہا کہ وہ اس تاریخی کامیابی پر گجرات کے عوام کو سلام کرتے ہیں اور اس سے نریندر مودی کے ترقیاتی ماڈل پر عوام کے غیرمتزلزل اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی نے 182 ریاستی اسمبلی میں 157 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے یا آگے ہے۔ کانگریس دوسرے مقام پر ہے۔ اس نے 6 نشستیں جیت لی ہیں اور دیگر 10 پر آگے ہے جبکہ عام آدمی پارٹی 5 نشستوں پر سبقت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ کانگریس 1985 میں مادھو سنہہ سولنکی کی زیرقیادت 149 نشستیں جیتنے کا ریکارڈ رکھتی ہے۔

a3w
a3w